سینیٹ الیکشن: ’اوپن بیلٹنگ نہ ہوئی تو اپوزیشن والے روئیں گے‘
سینیٹ الیکشن: ’اوپن بیلٹنگ نہ ہوئی تو اپوزیشن والے روئیں گے‘
بدھ 10 فروری 2021 15:33
عمران خان نے کہا کہ انہیں بھی پانچ سال قبل سینیٹ الیکشن کے موقع پر پیسوں کی پیشکش کی گئی (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن کے لیے اوپن بیلٹنگ نہ ہوئی تو اپوزیشن والے روئیں گے، سیکرٹ بیلٹنگ کے نتیجے میں حکومت کو زیادہ سیٹیں مل سکتی ہیں۔
بدھ کو راولپنڈی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ انہیں بھی پانچ سال قبل سینیٹ الیکشن کے موقع پر پیسوں کی پیشکش کی گئی تھی۔
صحافی کی جانب سے اس پارٹی یا شخصیت کا نام سامنے لانے کا سوال ہوا تو وزیراعظم نے کہا کہ ’ایک بار نہیں کئی بار اور کئی لوگوں کی جانب سے پیشکش ہوئی۔‘
بقول ان کے ’کہا گیا کہ پیسہ شوکت خانم کو دے دیا جائے گا۔‘
منگل کو خیبرپختونخوا کے اراکین اسمبلی کے پیسے وصول کرنے کی ویڈیو کے حوالے ان کا کہنا تھا کہ ’کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ ویڈیو پہلے سے ہمارے پاس موجود تھی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ویڈیو موجود ہوتی تو اس کو عدالت لے جاتا کیونکہ دو ارکان نے مجھ پر کیس کیا ہوا تھا۔‘
عمران خان نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ایسا 30 سالوں سے ہو رہا ہے۔
انہوں نے پی ڈی ایم کو ’چوروں کی یونین‘ قرار دیتے ہوئے کہ اس میں شامل جماعتوں کو اس بات کا سب پتا ہے۔
وزیراعظم نے میثاق جمہوریت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں پی پی اور ن لیگ نے اوپن بیلٹنگ کا مطالبہ کیا اب یہ پیچھے کیسے ہٹ گئیں؟
انہوں نے کسی رکن کی جانب سے پیسے وصول کیے جانے کو جمہوریت کی نفی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم کرپشن کے اس سسٹم کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔‘
عمران خان نے بلوچستان کی مثال دیتے ہوئے کہ اب وہاں سے سینیٹر بننے کے لیے 50 سے 70 کروڑ کا ریٹ چل رہا ہے۔
ان کے مطابق ’جو اتنے پیسے دے کر سینیٹر بنے گا وہ کسی کی کیا خدمت کرے گا، بلکہ پیسہ بنائے گا۔‘
مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان کو سب پتا ہے۔
’مولانا نے سب سے زیادہ پیسہ بنایا، ان لوگوں کو بھی سینیٹر بنوایا جو جے یو آئی میں نہیں تھے۔‘