کویت(محمد عرفان شفیق)کویت کے یوم آزادی اور یوم تحریر کی مناسبت سے انصاف ویلفئیر سوسائٹی کے انصاف اسپورٹس ونگ اور انصاف یوتھ ونگ نے کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد کیا ۔ ٹورنامنٹ میں10 پاکستانی کرکٹ ٹیموں نے حصہ لیا جن میں الغازی الیون، کراچی کنگز، اے پی ڈی الیون، بلڈ پاکستان،ا سٹاکو خلیجیہ الیون، کلیم برادرز، منڈی الیون، کویت انرجی، آئی کے انٹرٹینمنٹ اور خان الیون کے نام شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کے میچز 24 اور 25 فروری کو منعقد کئے گئے۔ٹورنامنٹ میں کسی ٹیم سے کوئی انٹری فیس نہیں لی گئی اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ہر میچ کے لیے مین آف دی میچ ایوارڈ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ 26 فروری کو جلیب الشیویخ ہال میں بعد از نماز مغرب تقریب تقسیمِ انعامات منعقد کی گئی جس میں ویلفیئر اتاشی سفارت خانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عمر جاوید نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی ۔ ان کے علاوہ کویت میں فعال تنظیموں کے صدور، میڈیا کے افراد، مختلف کاروباری و سماجی شخصیات اور کرکٹ ٹیموں کے کپتانوں اور کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور دیگر پاکستانیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب کی نظامت انصاف ویلفئیر سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری سید صداقت علی ترمذی نے کی۔ تلاوت قران حکیم کی سعادت حسن شہزاد ا بٹ اور نعت رسول صلی الله علیہ وسلم کی سعادت عبدالروف بھٹی نے حاصل کی۔ مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے انصاف ویلفئیر سوسائٹی کے نائب صدر شہزاد الرحمن بٹ نے نہایت خوبصورت الفاظ میں مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ تقسیم انعامات کا سلسلہ شروع ہوا تو سب سے پہلے تحریک انصاف کے کارکنان کو انتظامیہ کی طرف سے اعزازی شیلڈز دی گئیں۔ ٹورنامنٹ میں شبانہ روز محنت کرنے اور انتظامی امور کو بہترین طریقے سے سر انجام دینے پر لیاقت علی بٹ اور محمد حسیب خان کو خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انتظامیہ کی طرف سے ان کی خدمات کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔ تقریب میں کویت کے ملی نغمے بھی پیش کئے گئے اور ہال میں موجود حاضرین نے کویتی پرچم لہرا کر کویت سے اپنی محبتوں کا اظہار کیا۔ اسی دوران کویت میں مقیم نامور گلوکار زاگر انور حسین اور انصاف ویلفئیر سوسائٹی کے نائب صدر شہزاد الرحمن بٹ نے ملی نغمے بھی پیش کیے جسے سن کر حاضرین مجلس بہت محظوظ ہوتے رہے اور کویتی پرچم لہراتے رہے۔ انصاف شوشل ویلفئیر ونگ کے آرگنائزر ریاض انجم نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ نوجوان نسل کی بہترین جسمانی اور ذہنی نشوونما کے لیے کھیلوں کا انعقاد از حد ضروری ہے اسی لیے پاکستان تحریک انصاف نے خیبر پختون خواہ میں تحصیل لیول پر اسپورٹس کمپلیکس بنا کر نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ابھارنے کی سعی کی ہے۔ ہر میچ کے مین آف دی میچ کی حوصلہ افزائی کے لیے کھلاڑیوں کو ٹرافیوں سے نوازا گیا۔ فائنل میچ کا مین آف دی میچ ایوارڈ اور ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ایوارڈ ، ٹورنامنٹ کے بہترین بلے باز کا ایوارڈ فاتح ٹیم کلیم برادرز کے کھلاڑی عدنان ادریس نے حاصل کئے۔ ٹورنامنٹ کے بہترین بولر کا ایوارڈ رنر اپ ٹیم منڈی الیون کے کھلاڑی غضنفر کو دیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمیونٹی ویلفئیر اتاشی ڈاکٹر عمر جاوید ، انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کے صدر اخلاق احمد ملک اور نائب صدر محمد شہزاد الرحمن بٹ نے ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کلیم برادرز اور رنر اپ ٹیم منڈی الیون کو میڈلز سے نوازا۔ رنراپ ٹیم کو دوسری پوزیشن لینے پر ٹرافی بھی دی گئی اور فاتح ٹیم کےہرر کھلاڑی کو بھی میڈلز دیے گئے ۔ آخر میں فاتخ ٹیم کو ونر ٹرافی سے نوازا گیا۔ مہمانوں کی پر تکلف ضیافت سے تواضع کی گئی۔فاتح ٹیم نے جی بھر کر جیت کا جشن منایا اور حاضرین مجلس نے ان کی حوصلہ افزائی کے لیے خوب داد دی۔