وبا کے دنوں میں ویلنٹائن ڈے، سعودی عرب میں پھولوں کی فروخت دگنی
وبا کے دنوں میں ویلنٹائن ڈے، سعودی عرب میں پھولوں کی فروخت دگنی
اتوار 14 فروری 2021 11:24
سعودی عرب میں ویلنٹائن ڈے پر پھولوں اور چاکلیٹس کی فروخت میں اضافہ ہوا۔ فوٹو عرب نیوز
اس ویلنٹائن ڈے کے موقع پر دنیا بھر میں جوش و خروش کورونا وائرس کے باعث ماند پڑتا ہوا دکھائی دے رہا ہے لیکن سعودی عرب کے شہری یہ دن بھرپور انداز میں منا رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ویلنٹائن کے دن پھولوں کی دکانوں، چاکلیٹ سٹورز اور ریستورانوں کے کاروبار میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ یہاں تک کہ جو ریستوران صرف فوڈ ڈیلیور کر رہے ہیں ان کی بھی اس موقع پر چاندی ہو گئی ہے۔
اس دن کی مناسبت سے لوگ محبت کا اظہار کرتے ہوئے ایک دوسرے کو پھول اور چاکلیٹس ضرور دیتے ہیں۔
ریستورانوں نے بھی سرخ رنگ کی اشیا سے سجاوٹ کی ہوئی ہوتی ہے، جن میں سرخ دل والے غبارے نمایاں ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ اکثر ریستورانوں نے لنچ اور ڈنر کے لیے خصوصی اہتمام بھی کیا ہوتا ہے۔
سعودی عرب کے 28 سال شہری خالد عمر نے عرب نیوز کو بتایا کہ گزشتہ چار دنوں میں پھولوں کی فروخت دگنی ہوئی ہے۔
خالد عمر کی جبیل انڈسٹریل سٹی میں پھولوں کی دکان ہے جو کورونا وائرس کے باعث گزشتہ سال تین ماہ کے لیے بند رہی تھی۔
خالد عمر نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے دوران کوئی گاہک نہیں آئے اور پھول درآمد کروانا بھی مشکل ہو گیا تھا، لیکن ویلنٹائن ڈے کے موقع پر پھولوں کی فروخت دگنی ہو گئی ہے۔ ’صرف چار دنوں میں ہی منافع میں اضافہ ہوا ہے۔‘
خالد عمر کا کہنا ہے کہ ویلنٹائن ڈے، مدر ڈے، فادر ڈے یا ٹیچرز ڈے جیسے موقعوں پر فروخت میں اضافہ ہوتا ہے۔
سعودی عرب میں ريستوران کے اندر کھانے پر تو پابندی عائد کی گئی ہے لیکن چند ریستوران اس دن کی مناسبت سے خصوصی ڈیلیوری کر رہے ہیں جس میں دو لوگوں کے کھانے کی آفر دی گئی ہے۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایک جاپانی ریستوران نے ویلنٹائن ڈے باکس متعارف کروایا ہے۔ کمپائے ریستوران کے اس ویلنٹائن باکس میں مختلف اقسام کے سوشی رول اور سالمن ساشیمی ہوتی ہے، جو سرخ پھول کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔
جبکہ سعودی عرب کا ایک اور کیفے ’کیسپر اور گامبینی‘ دل کی شکل میں بنی ہوئی چاکلیٹس اور ریڈ ویلویٹ کیک ڈیلیور کر رہا ہے۔
سعودی شہری محمد القحتانی نے عرب نیوز کو بتایا کہ ویلنٹائن ڈے پر وہ چاہتے ہیں کہ ان کے بچے انہیں ایک کارڈ دیں تاکہ وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ یہ دن منا سکیں۔
جبکہ ایک اور شہری حفصہ عیوب کا کہنا تھا کہ ویلنٹائن ڈے پر انہیں تحفے میں چاکلیٹس کا ڈبہ چاہیے۔