سعودی عرب میں مونگوں سے آباد خوابوں کا جزیرہ ’شریرہ‘
سعودی عرب میں مونگوں سے آباد خوابوں کا جزیرہ ’شریرہ‘
پیر 15 فروری 2021 5:56
دنیا بھر میں بعض علاقے ایسے ہیں جن کو ’گریٹ بیریئر ریف‘ کہا جاتا ہے (فوٹو: سبق)
مونگوں کی دنیا انتہائی حساس سمندری کائنات ہیں۔ ان کی قسمیں دو ہزار سے زیادہ ہیں۔ انہیں دیکھنے میں نباتات کا گمان ہوتا ہے مگر حقیقت میں یہ نہایت مہین جانور ہوتے ہیں۔
عام طور پر مونگوں کی افزائش گرم سطح والے سمندر میں ہوتی ہے۔ یہ خوبی بحر الکاہل، بحرہند، بحرکاریبی، بحیرہ احمر اور خلیج کے علاقے میں پائی جاتی ہے۔
دنیا بھر میں بعض علاقے ایسے ہیں جن کو ’گریٹ بیریئر ریف‘ کہا جاتا ہے۔ یہ وہ مقامات ہیں جہاں مونگوں کی بستیاں بڑی تعداد میں پائی جاتی ہیں۔ یہ بحیرہ احمر جیسے جزیروں والے گدلے پانی میں عظیم رکاوٹ یا دیوار کی شکل اختیار کیے ہوئے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق بحیرہ احمر کے طویل سعودی ساحل پر خوابوں کا جزیرہ ’شریرہ‘ پایا جاتا ہے۔
سعودی عرب میں ریڈ سی منصوبہ اس جزیرے میں قائم کیا جارہا ہے۔ ’کورال بلوم‘ کے نام سے اس کے ڈیزائن جاری کردیے گئے ہیں۔ بحیرہ احمر کے 92 جزیروں میں یہ سب سے بڑا جزیرہ ہے جہاں ریڈ سی پروجیکٹ نافذ کیا جا رہا ہے۔
یہ بات تسلیم کرلی گئی ہے کہ بحیرہ احمر دنیا کے ان گنے چنے سمندروں میں سے ایک ہے جسے پوری طرح سے دریافت نہیں کیا گیا۔ جزیرہ ’شریرہ‘ کا منصوبہ مکمل ہونے پر دنیا بھر کے سیاح مونگوں کی عظیم دنیا میں غوطہ خوری کا لطف اٹھا سکیں گے۔
یہاں 1200 سے زیادہ انواع و اقسام کی مچھلیاں پائی جاتی ہیں اور پوری دنیا میں مونگوں کی یہاں دوسری بڑی دنیا واقع ہے جبکہ جزیرہ شریرہ کا سمندری علاقہ اور اس کے اطراف کا حصہ پوری دنیا میں مونگوں کی گھنی آبادی اور گریٹ بیریئر ریف کے حوالے سے چوتھے نمبر پر ہے۔
پوری دنیا میں مونگوں کی سب سے بڑی بستی آسٹریلیا میں واقع ہے۔ اس کا رقبہ ایک لاکھ 30 ہزار مربع میل ہے۔ وہاں 1500 قسم کی مچھلیاں پائی جاتی ہیں جبکہ وہ 2900 قسم کے مونگوں سے مالا مال ہے۔
بحر الکاہل میں نیو کیلی ڈونیا:
بحر الکاہل کے جنوبی علاقے مونگوں کی بستیوں کے لیے معروف ہے۔ یہ 9300 مربع میل کے رقبے میں پھیلا ہوا ہے یہاں ایک ہزار سے زیادہ اقسام کی مچھلیاں پائی جاتی ہیں- بیشتر کمبیاب ہیں۔
انڈونیشیا میں راجا امباٹ:
یہ انڈونیشیا کے چار جزیروں میں منقسم ہے اسے مونگوں کا دل کہا جاتا ہے۔ یہاں 1300 سے زیادہ قسم کی مچھلیاں پائی جاتی ہیں۔ 550 قسم کے مونگے یہاں محفوظ ہیں۔
بحیرہ احمر کا ساحل:
یہ دنیا کے قدیم ترین اور نادر ترین مونگوں کا علاقہ مانا جاتا ہے- یہ 1200 مربع میل کے رقبے میں پھیلا ہوا ہے۔ یہاں 260 سے زیادہ مونگے اور 1200 قسم کی مچھلیاں پائی جاتی ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں