Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحرین میں ڈیجیٹل کووڈ-19 ویکسین 'پاسپورٹ'  کا اجرا

بحرین ایسا ویکسین 'پاسپورٹ' جاری کرنے والے ابتدائی ممالک میں شامل ہو گیا۔ (فوٹو گلف نیوز)
بحرین نے کووڈ 19 ویکسین ڈیجیٹل پاسپورٹ جاری کرنا شروع کر دیا ہے۔ یہ دستاویز وزارت صحت کی جانب سے ایک ایپلی کیشن میں موجود ڈیٹا ہو گا جو موبائل فون کے ذریعے دکھایا جا سکے گا۔
بحرین ایسا ویکسین 'پاسپورٹ' جاری کرنے والے ابتدائی ممالک میں شامل ہو گیا ہے۔ یہ بات بدھ کو خلیجی ریاست کے میڈیا آفس نےبتائی ہے۔
روئیٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق دنیا بھر کی حکومتیں اور ڈیولپرز اس بات کی تحقیق کرنے میں مصروف ہیں کہ  کووڈ 19 سے محفوظ افراد کی شناخت کرکے وبا کے باعث بند ہونے والی معیشتوں کو دوبارہ کھولنے کے لئے سرٹیفکیٹس اور پاسپورٹس کس طرح مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

کورونا سے محفوظ افراد کی شناخت کے لیے یہ ایپ مددگار ثابت ہوگی۔(فوٹو عرب نیوز)

بحرین کی'بی اویئر' نامی ایپلی کیشن سرکاری سر  ٹیفکیٹ کے ساتھ ساتھ سبز شیلڈ بھی دکھاتی ہے جس میں اس شخص کا نام ، تاریخ پیدائش ، قومیت کے ساتھ یہ  معلومات بھی درج  ہوتی ہیں کہ متعلقہ شخص کو کون سی ویکسین دی جا چکی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ صارفین کے لئے لازمی ہو گا کہ انہیں21 دن کے وقفے سے ویکسین کی 2 خوراکیں دی جا چکی ہوں اور اس کے بعد خون میں اینٹی باڈیزکی نشونما کے لئے 2ہفتے انتظار بھی کر چکے ہوں۔
بیان میں یہ بھی واضح کیا گیا ہےکہ موبائل ایپ پر 'کیو آر کوڈ' کی سکیننگ کے ذریعے ویکسین کے موثر ہونے کی تصدیق کی جا سکے گی۔ یہ کوڈ قومی ویکسین رجسٹر سے منسلک ہوگا۔

ایپ پر 'کیو آر کوڈ' کی سکیننگ سے ویکسین کی تصدیق کی جا سکے گی۔(فوٹو عرب نیوز)

ڈنمارک نے کہا ہے کہ وہ فروری کے آخر تک کورونا وائرس ویکسی نیشن 'پاسپورٹ' کے ابتدائی ورژن کا آغاز کر دے گا۔
سویڈن بھی موسم گرما تک ویکسین پاسپورٹ کے اجرا کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ سویڈش حکومت کا کہنا ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ جب تک ہم ویکسین پاسپورٹ شروع کریں گے اس وقت تک اس ایپ کے لئے کوئی بین الاقوامی معیار بھی منظرعام پر آ جائے گا۔ حکومت نے یہ بات 2 ہفتے قبل کہی تھی۔
بحرین ، ایک چھوٹے جزیرے پر قائم ریاست ہے جس کی آبادی تقریباً 15 لاکھ  افراد پر مشتمل ہے۔ اس ریاست نے اپنے شہریوں اورمقیمین کو فائزر / بائے آنٹیک ویکسین، ایک چینی سرکاری حمایت یافتہ دوا ساز کمپنی کی تیار کردہ سائنوفارم، دی آکسفرڈ - آسٹرازینیکا کووڈ 19 ویکسین اور روس کی اسپوتنک فائیو  ویکسین بلامعاوضہ فراہم کرنے کی پیش کش کی ہے۔
 

شیئر: