Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رضوان سعید شیخ سے او آئی سی میں سعودی مندوب سے ملاقات

مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ  کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں تعینات سعودی مندوب ڈاکٹر صالح السحیبانی نے او آئی سی میں تعینات پاکستان کے مستقل مندوب رضوان سعید شیخ سے ملاقات کی ہے۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کے علاوہ مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ  کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔
دونوں ملکوں کے نمائندوں نے یکجہتی کی تدابیر پر بات چیت کی جبکہ درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے سلسلے میں او آئی سی کے مستقل نمائندوں، رکن ملکوں کے کردار اور اسے مستحکم بنانے کی حکمت عملی پربھی غوروخوض کیا ہے۔

 رکن ملکوں کے کردار کو مستحکم بنانے کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا ہے۔( فوٹو ٹوئٹر)

پاکستانی مندوب رضوان شیخ  نے اس موقع پر اپنے یہاں او آئی سی  وزرائے خارجہ کے اجلاس کو کامیاب بنانے کے حوالے سے پاکستانی کوششوں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے میانہ روی، رواداری کی علمبردار اسلامی اقدار کے فروغ، تشدد و انتہا پسندی کی مخالفت  اور اسلام فوبیا جیسے او آئی سی کے پروگراموں کا خاص طور پر تذکرہ کیا۔ 
پاکستانی مندوب رضوان سعید شیخ نے او آئی سی کی غیرمعمولی مدد پر پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے سعودی عرب کے لیے قدرو منزلت کا اظہار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب او آئی سی کے قیام سے لے کر آج تک او آئی کے ہیڈکوارٹر کے میزبان ملک کی حیثیت سے مسلسل مدد کررہا ہے۔ 
ڈاکٹر السحیبانی نے کہا کہ پاکستانی مندوب سے ملاقات او آئی سی کے دائمی رکن نمائندوں کے درمیان کثیر جہتی ورکنگ تعلقات کو مضبوط بنانے اور تمام امور پر مشاورت اور یکجہتی بڑھانے کی پالیسی کے تحت عمل میں آئی۔ 
انہوں نے کہا کہ اسلامی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے، مشترکہ  مفادات حاصل کرنے، مسلم ملکوں کے فیصلوں میں یگانگت پیدا کرنے اور اسلامی جدوجہد کو معیاری شکل میں آگے بڑھانے کے لیے باہمی تعاون کا سلسلہ اشد ضروری ہے۔

شیئر: