او آئی سی سعودی عرب کے ساتھ تھی، ہے اور رہے گی
اتوار 14 فروری 2021 20:22
خمیس مشیط پر حوثیوں کے حملے کی ایک اور کوشش کی مذمت کی ہے۔ (فوٹو عاجل)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے سعودی شہر خمیس مشیط کے شہریوں کو دانستہ نشانہ بنانے کی حوثیوں کی ایک اور کوشش کی مذمت کی ہے۔
الشرق الاوسط کے مطابق او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے بیان میں خمیس مشیط میں شہریوں اور سول تنصیبات پر جان بوجھ کر دو بارودی ڈرونز سے حوثیوں کے دہشتگردانہ حملے کی سخت مذمت کی۔
عرب اتحاد برائے یمن دونوں ڈرونز کو ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی گرا کر تباہ کرنے میں کامیاب ہوگیا تھا۔
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے زور دے کر کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم، اسلحہ اور دولت سے حوثی دہشتگردوں کی مسلسل مدد کرنے والوں کی بھی مذمت کرتی ہے۔
العثیمین نے پھر کہا کہ او آئی سی امن و استحکام کے تحفظ کے حوالے سے سعودی عرب کے ہر اقدام کے ساتھ تھی، ہے اور رہے گی۔