رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ پاکستان سپر لیگ 6 کا آغاز
رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ پاکستان سپر لیگ 6 کا آغاز
ہفتہ 20 فروری 2021 12:17
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
پاکستان سپر لیگ کے چھٹے سیزن کا آغاز سنیچر کو کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہو گیا ہے۔ ایونٹ کے ابتدائی میچ سے قبل رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔
کورونا وائرس کے باعث رواں سیزن کی افتتاحی تقریب براہ راست نہیں منعقد کی گئی بلکہ ایک ریکارڈڈ شو نشر کیا گیا۔
پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں پہلی بار عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم اپنی آواز کا جادو جگایا۔ معروف اداکارہ حمائمہ ملک نے بھی افتتاحی تقریب میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
گلوکار عمران خان اور پی ایس ایل 6 کا ترانہ گانے والی نصیبو لعل اور آئمہ بیگ ریکارڈڈ میوزک شو کا حصہ تھیں۔
افتتاحی تقتریب کا کچھ حصہ ترکی کے ایک سٹوڈیو میں ریکارڈ کیا گیا۔
افتتاحی تقریب کو نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی کے میدان میں بڑی سکرینز جبکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹیلی ویژن پر بھی نشر کیا گیا۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی کو چوتھی بار پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کی میزبانی کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔
افتتاحی تقریب کے بعد دفاعی چیمپیئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ایونٹ کا ابتدائی میچ کھیلا جائے گا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کراچی کنگز کے خلاف پلڑا بھاری
پاکستان سپر لیگ میں اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان 10 میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے7 میچز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جبکہ کراچی کنگز صرف 3 میچ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی۔
کراچی کنگز کا سکواڈ بہترین مقامی اور غیر ملکی کھلاڑیوں پر مشتمل رہا ہے لیکن پی ایس ایل میں کنگز کی کارکردگی گذشتہ سیزن کے علاوہ زیادہ متاثر کن نہیں رہی۔
کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم گذشتہ سیزن کی طرح اس بار بھی پی ایس ایل کی ٹرافی اٹھانے کے لیے بے تاب ہیں۔ دوسری جانب پی ایس ایل میں بہترین کامیابی کا ریکارڈ قائم کرنے والے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز گذشتہ سیزن کی مایوس کن کارکردگی کو بھلا کر ایونٹ کا آغاز فتح کے ساتھ کرنے کے لیے سر دھڑ کی بازی لگانے کے لیے تیار ہیں۔
افتتاحی میچ کے بڑے نام
کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے میچ میں ٹی 20 کرکٹ کے بہترین کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔
بابر اعظم
پاکستان سپر لیگ کے پانچویں سیزن میں بہترین بلے باز کا ایوارڈ حاصل کرنے والے کرکٹ کے شہنشاہ اور پاکستان کے کپتان بابر اعظم افتتاحی میچ کے دوران ایکشن میں نظر آئیں گے۔ بابر اعظم کراچی کنگز کی بیٹنگ لائن کی ریڑھ ہڈی ہیں اور شائقین کرکٹ ابتدائی میچ میں بابر اعظم کی جادوئی ’کور ڈرائیوز‘ سے محظوظ ہوں گے۔
کولن انگرام
پاکستان سپر لیگ میں سنچری سکور کرنے والے کولن انگرام ایک بار پھر کراچی کنگز کی نمائندگی کرتے نظر آئیں گے۔ کولن انگرام گذشتہ سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کر چکے ہیں جبکہ رواں سیزن میں کولن انگرام کے چھکوں اور چوکوں کی بارش سے کراچی کنگز سیراب ہوں گے۔
شرجیل خان
پاکستان سپر لیگ کی پہلی سنچری سکور کرنے والے کھلاڑی شرجیل خان بھی کراچی کنگز کے سکواڈ میں شامل ہیں۔
شرجیل خان کا شمار پاکستان کے چند جارحانہ انداز میں کھیلنے والے اوپنرز میں کیا جاتا ہے لیکن آج کل ان کی فٹنس کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ شرجیل خان کی صلاحیتوں کے تو سب ہی معترف ہیں لیکن میچ فکسنگ کی پابندی سے واپسی کے بعد ان کی جانب سے دھواں دار اننگز آنا ابھی باقی ہے۔
کرس گیل
ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بلے باز کرس گیل پی ایس ایل میں اپنا کم بیک کرنے جا رہے ہیں۔ ابتدائی میچ میں کریس گیل کوئٹہ گلیڈئیٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے ایونٹ میں اپنا کم بیک کرنے جا رہے ہیں۔ گلیڈی ایٹرز کے شائقین پر امید ہیں کہ ویسٹ انڈیز کے ’گیل سٹورم‘ پی ایس ایل میں اپنا ’جنکس‘ توڑتے ہوئے افتتاحی میچ میں ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروائیں گے۔
سرفراز احمد
پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد کوئٹہگلیڈی ایٹرز کی چھٹی بار قیادت کرتے نظر آئیں گے۔ پریکٹس میچز میں سرفراز احمد کی جانب سے تیسرے نمبر پر بلے بازی کے بعد امید کی جارہی ہے کہ وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد اس بار پہلے نمبرز پر بلے بازی کے لیے تیار ہیں۔ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کی شانداز فارم کے بعد شائقین کرکٹ سرفراز احمد سے بھی میچ وننگ اننگز کی توقعات وابسطہ کر چکے ہیں۔
بین کٹنگ
آسٹریلیا کے آل راؤنڈر بن کٹنگ گزشتہ سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نمایاں بلے بازوں میں شامل تھے اس بار بھی وہ اپنی کارکردگی سے گلیڈی ایٹرز کو ٹائٹل تک رسائی حاصل کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
محمد عامر
حالیہ تنازعات کے بعد پہلی بار شائقین محمد عامر کو کرکٹ کے میدان میں اترتا دیکھیں گے۔ دیکھنا ہوگا کہ حالیہ دنوں میں تند و تیز بیانات دینے والے محمد عامر کراچی کنگز کی جانب سے میدان میں شانداز گیند بازی سے کتنے کھلاڑیوں کو کس حد تک پریشان کرنے میں کامیاب ہوں گے۔