Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’حسرت ہے کہ مریم نوازشریف زندگی میں کبھی سچ بھی بولیں‘

فواد چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی امیدوار علی اسجد ملہی واضح طور پر انتخاب جیت چکے ہیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ ڈسکہ میں نواز شریف کے بیانیے کو شکست ہوئی ہے۔ 
ڈسکہ میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری اور پنجاب کے مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ن لیگ ہمیشہ دھونس و دھاندلی کی سیاست کرتی آئی ہے۔ 
 
شبلی فراز نے الزام لگایا کہ ڈسکہ میں الیکشن کے دن جو کچھ ہوا وہ رانا ثنااللہ کی سربراہی میں ہوا۔ 
‘ان کو پتہ چل گیا تھا کہ نواز شریف کے بیانیے کو شکست ہورہی ہے۔‘
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ ہمیں حسرت ہے کہ مریم نواز کبھی زندگی میں سچ بھی بولیں۔ 
’مریم نواز کہتی تھیں ان کی لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں۔‘ ان کا کہنا تھا کہ جہاں ن لیگ جیتی وہ صاف شفاف ہے اور ڈسکہ میں جہاں پی ٹی آئی جیتی وہاں دھاندلی ہوئی ہے۔ 
فواد چودھری نے کہا کہ علی اسجد ملہی واضح طور پر انتخاب جیت چکے ہیں۔ ’ہمیں کچھ الیکشن میں شکست ہوئی لیکن ہم نے نتائج کو قبول کیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ  الیکشن کمیشن کے حکم کو ہم مانیں گے۔ ‘انتخابات میں پنجاب حکومت بالکل غیرجانبدار رہی ہے،علی اسجد یہاں سے واضع طور پر جیت چکے ہیں، نتائج آنے کے بعد یہاں پر اپنی جیت کا جشن منائیں گے۔‘
فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ووٹنگ الیکٹرونک کردی جائے تاکہ ووٹ کا پتہ لگ جائے، الیکٹرونک ووٹنگ کے لیے ہم الیکشن کمیشن سے رابطہ کریں گے۔

شیئر: