’عمران خان کا شکریہ، 2018 کے الیکشن کی حقیقت بتا دی‘
اتوار 21 فروری 2021 11:50
مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس وہ ویڈیو موجود ہے جس میں پریزائڈنگ آفیسر نے بکنے سے انکار کر دیا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ’ایک پیج پر ہونے کے باوجود عوام نے عمران خان کو ہر جگہ مسترد کیا ہے۔‘
لاہور میں ڈسکہ روانگی سے قبل پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ تحریک انصاف نے انتظامیہ اور پولیس کو شامل کر کے جو دھاندلی کا منصوبہ بنایا تھا، اس کے باوجود یہ بری طرح ہارے ہیں۔ ان کو عوام میں اپنی وقعت کا پتہ چل جانا چاہیے۔‘
ضمنی انتخابات کے نتائج کے حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ ’پاکستان کے چاروں صوبوں کے عوام نے تحریک انصاف کو مسترد کیا ہے۔‘
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس وہ ویڈیو موجود ہے جس میں پریزائڈنگ آفیسر نے بکنے سے انکار کر دیا۔‘
مریم نواز نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کا طنزیہ انداز میں شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’انہوں نے ڈسکہ الیکشن سے عوام کو بتا دیا کہ کیسے 2018 میں عوام کے ووٹ پر ڈاکا ڈال کر ان کو 22 کروڑ لوگوں پر مسلط کیا گیا۔‘
مریم نواز نے ڈسکہ میں دو نوجوانوں کی ہلاکت کے حوالے سے کہا کہ ’اگر مجھے پتہ ہوتا کہ انہوں نے ایک سیٹ کی خاطر دو جانیں ناحق لے لینی ہیں تو مسلم لیگ نواز انہیں ویسے ہی سیٹ دے دیتی۔‘
پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر نے تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کے حوالے سے کہا ’جب عوام ناراض ہوتے ہیں تو اراکین بھی ناراض ہوتے ہیں۔ ارکان اسمبلی کو پتہ ہوتا ہے کہ عوام کے جذبات کیا ہیں۔
تحریک انصاف کے ایم این ایز اور ایم پی ایز کو پتہ ہے کہ عمران خان دوبارہ اقتدار میں نہیں آئے گے، اس لیے وہ اپنا سیاسی مستقبل محفوظ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘
خیال رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے گذشتہ روز کہا تھا کہ جو الیکشن اپوزیشن جیتے وہ شفاف، جہاں ہارے وہاں دھاندلی کا شور مچاتی ہے۔
ایک نجی ٹیلی ویژن سے گفتگو میں شبلی فراز نے دعویٰ کیا کہ این اے75 ڈسکہ کاالیکشن پی ٹی آئی جیت چکی ہے۔
ان کے مطابق مریم نواز کو غصہ کم مارجن سے ووٹ ملنے کا ہے۔