Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ کئی علاقوں میں کورونا کی صورتحال اب بھی تشویشناک‘

متعدد علاقوں میں وائرس لگنے کے واقعات مسلسل بڑھ رہے ہیں۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے خبردار کیا ہے کہ ابھی تک سعودی معاشرہ کورونا وبا سے پوری طرح محفوظ نہیں ہوا ہے۔ 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ مملکت بھر میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کا گراف ظاہر کررہا ہے کہ ملک کے متعدد علاقوں میں وائرس لگنے کے واقعات مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ بعض علاقے ایسے ہیں جہاں کی صورتحال اب بھی تشویشناک ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان نے زور دے کر کہا کہ ہمیں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز کی پابندی کرنا ہوگی۔ اس حوالے سے غفلت نہیں برتی جاسکتی۔ ہم بے حد نازک مرحلے میں ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ایس او پیز کی سختی کے ساتھ  پابندی جاری رکھنی ہوگی۔ نازک کیسز مسلسل ریکارڈ پر آرہے ہیں۔ خوش آئند امر یہ ہے کہ مملکت کے تمام علاقوں میں کووڈ ویکسین فراہم کی جاچکی ہے۔ 
یاد رہے کہ وزارت صحت نے اتوار کو مملکت بھر میں کووڈ 19 کے 315 نئے مصدقہ کیسز ریکارڈ پر آئے ہیں۔ متاثرین کی تعداد بڑھ کر تین لاکھ 75 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔
علاوہ ازں وزارت صحت کے ترجمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے تمام علاقوں میں کورونا ویکسین فراہم کردی اور یہ نہایت موثر اور محفوظ ہے۔ 

سعودی عرب پہنچنے پر بھی ویکسینز کی جانچ پڑتال کی گئی ہے۔( فوٹو ایس پی اے)

اخبار 24 کے مطابق العبد العالی نے بتایا کہ مقامی شہری اور مقیم غیرملکی ویکسین لینے کے لیے سینٹرز کا رخ کررہے ہیں۔ 
انہوں نے اطمینان دلایا کہ سعودی فوڈ اینڈ ڈرگس اتھارٹی (ایس ایف ڈی اے) نے منظور شدہ ویکسین کے موثر ہونے کی کارروائی ہر مرحلے میں کی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پہنچنے پر بھی ویکسینز کی جانچ پڑتال کی گئی۔ تمام شہری اور مقیم غیرملکی مطمئن رہیں کہ مملکت میں جو ویکسین بھی دی جارہی ہے وہ بے حد محفوظ معیاری ہے۔

شیئر: