Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرفراز احمد اور محمد حفیظ کی لفظی جنگ: 'جتنی بھی مار پڑے بس گھبرانا نہیں'

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کے غصے اور خراب باڈی لینگوئج نے شائقین کرکٹ کی اس میچ میں دلچسپی اور بڑھا دی (فائل فوٹو: پی ایس ایل)
پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا چوتھا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے درمیان پیر کی رات ہوا جس میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو نو وکٹوں سے شکست دے دی۔ میچ کے دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کے غصے اور خراب باڈی لینگوئج نے شائقین کرکٹ کی اس میچ میں دلچسپی اور بڑھا دی۔
یاد رہے کہ لاہور قلندرز کی جانب سے کھیلنے والے تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد ٹوئٹر پر ایک دوسرے کو طنزیہ جملے کہنے کی وجہ سے کافی عرصہ خبروں میں رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے اختلافات کی بنا پر میچ سے قبل ہی سوشل میڈیا صارفین میچ میں ہار یا جیت کو عزت بچانے سے تشبیہہ دیتے دیکھائی دیے۔
اسی حوالے سے میچ سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کمنٹیٹر رمیز راجا نے کہا کہ ’محمد حفیظ اور سرفراز احمد ٹوئٹر پر کافی اچھے دوست ہیں۔‘
یہ پہلا موقع تھا جب محمد حفیظ اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد ٹوئٹر کی لڑائی کے بعد آمنے سامنے تھے۔ میچ کے دوران سرفراز احمد کے غصے کے حوالے سے گفتگو کا حصہ بنتے ہوئے صارف علی کیانی نے لکھا کہ ’کیمرہ مین پھرکی لے رہا ہے، جب بھی لاہور کی جانب سے باؤنڈری سکور ہوتی ہے، کیمرہ مین سیدھا سرفراز پہ فوکس کردیتا ہے۔‘
صارفین کا خیال تھا کہ سرفراز احمد، محمد حفیظ کی ٹویٹ سے زیادہ ان کی شاندار پرفارمنس سے پریشان تھے جبکہ کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ ’محمد حفیظ نے اپنی پرفارمنس کے ذریعے ٹوئٹر پر ہونے والی بحث کا جواب دے دیا ہے۔‘
سوشل میڈیا صارفین گراؤںڈ میں سرفراز احمد کے اپنے ٹیم ممبرز کے ساتھ برا رویہ رکھنے اور ہر بال پر غصہ دکھانے پر کافی نالاں ںظر آئے۔
کچھ سوشل میڈیا صارفین سرفراز احمد کو سپورٹ کرتے ہوئے بھی دکھائی دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’سرفراز احمد ایک برے دور سے گزر رہے ہیں۔‘
ٹوئٹر صارف مدثر احمد نے لکھا کہ ’وہ لاہور قلندرز کو سپورٹ کررہے تھے، مگر یہ لمحہ تکلیف دہ تھا۔ 'کپتان آپ فکر نہ کریں، آپ ہمارے لیے چیمپئن تھے اور رہیں گے۔'
میچ کے اختتام پر صارفین سرفراز احمد کو محمد حفیظ سے جہاں ہاتھ نہ ملانے پر تنقید کا نشانہ بناتے رہے وہیں کچھ صارفین سرفراز احمد کے محمد حفیظ کو فیلڈ لیڈ کرنے کی دعوت پر سراہتے ہوئے بھی دکھائی دیے۔
ایک صارف نے میچ کے دوران سرفراز احمد کی جانب سے محمد حفیظ کے سلام کا جواب نہ دینے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا تو انہیں مشورہ دیا کہ ہار جیت ہوتی رہتی ہے، اس سے پریشان نہ ہوا جائے۔
پاکستانی سوشل میڈیا صارفین ہر موقع کی مناسبت سے میمز اور طنز و مزاح کرنے میں پیش پیش دکھائی دیتے ہیں۔
سرفراز احمد کے اس رویے پر بھی صارفین میمز بنا کر شیئر کرتے رہے۔ 
معروف ٹی وی اینکر حامد میر نے سرفراز احمد کی تصویر کے ساتھ لکھا کہ 'جتنی بھی مار پڑے بس گھبرانا نہیں۔'
ٹوئٹر صارف جہاں زیب نے محمد حفیظ کی پرفارمنس کے بارے میں لکھا کہ ’معاملہ ڈر کا نہیں عزت کا ہے۔‘
 ایک اور صارف ثقلین مقصود نے گانے کا سہارا لیتے ہوئے لکھا کہ ’سرفراز احمد میچ ہارنے کے بعد کہتے ہوئے: تم ہی دیکھو نہ یہ کیا ہوگیا۔‘
 
ملک بھر میں پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے جہاں جشن کا سماں ہے وہیں دوسری جانب پی ایس ایل میں مدمقابل ٹیموں کے کھلاڑی بھی مخالف ٹیم پر دباؤ برقرار رکھنے کے لیے فل فارم میں نظر آرہے ہیں لیکن سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ’ آپس کی رنجش کو ختم کر کے تمام کھلاڑیوں کو فیلڈ میں اپنا رویہ درست رکھنا چاہیے کیونکہ تمام دنیا کی نظریں ہم پر لگی ہیں۔‘

شیئر: