سرفراز احمد کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیا اس بار پھر دھوکہ دے گی؟
سرفراز احمد کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیا اس بار پھر دھوکہ دے گی؟
جمعرات 18 فروری 2021 6:40
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پاکستان سپر لیگ میں مسلسل چار ایڈشنز میں سب سے زیادہ میچز جیتنے کی شرح رکھتے ہیں۔ وہ ایک بار چیمپئین اور دو بار رنر اپ رہ چکے ہیں۔
لیکن پانچویں ایڈیشن میں سرفراز احمد کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے جیسے شائقین کو دھوکہ ہی دے دیا ہو۔ وہ اس ایونٹ میں سب سے آخری نمبر پر رہی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فرنچائز مالک ندیم عمر نے گذشتہ سیزن کے آغاز سے قبل ہی میچز کے شیڈول کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا لیکن اس بار تمام ٹیموں کے شیڈول پر کسی قسم کا کوئی اعتراض نہیں ہو سکتا۔
اس مرتبہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم بہتر کارکردگی دکھا کر اپنی گزشتہ سال کی مایوس کن پرفارمنس کا داغ دھونے کے لیے پر امید ہے۔
اس مرتبہ کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد کے لیے بھی اپنی کپتانی اور بلے بازی سے متاثر کرنا ضروری ہے کیونکہ اس کے ذریعے وہ قومی ٹیم میں اپنی واپسی کی راہ ہموار کر سکتے ہیں جہاں نئے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے فاتح پاکستان کے سابق قومی کپتان کو بینچ تک محدود کر دیا ہے۔
کریس گیل کی پی ایس ایل میں واپسی
ویسٹ انڈیز کے بلے باز کرس گیل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ میں اپنا کم بیک کرنے جا رہے ہیں۔
ویسے تو کرس گیل ابھی تک پی ایس ایل میں کامیاب نہیں ہوئے اور اسی لیے پہلے دو سیزنز کے بعد کسی بھی فرنچائز نے کرس گیل کو ٹیم میں برقرار نہیں رکھا تھا لیکن دو برس بعد کے بعد کرس گیل پی ایس ایل میں واپس آ رہے ہیں۔
انگلینڈ کے جارح مزاج بلے باز ٹام بنٹن اور کیمرون ڈیلپورٹ بھی رواں سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کریں گے۔ جبکہ گزشتہ سیزن میں ایمرجنگ کھلاڑی کے طور پر سامنے آنے والے اعظم خان کو بھی ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا موقع ملے گا۔
اعظم خان فٹنس کے حوالے سے کافی تنقید کی زد میں رہتے ہیں لیکن ان کے پاس ایسی صلاحیتیں موجود ہیں جن کی بدولت وہ اپنے ناقدین کو جواب دینے کے موقعے سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیں گے۔
آسٹریلیا کے آل راونڈر بن کٹنگ گزشتہ سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نمایاں بلے بازوں میں شامل تھے اس بار بھی وہ اپنی کارکردگی سے گلیڈی ایٹرز کو ٹائٹل تک رسائی حاصل کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
بہترین فاسٹ باولرز کی بیٹری
جنوبی افریقہ کے ڈیل سٹین، نوجوان نسیم شاہ اور محمد حسنین کی سکواڈ میں شمولیت کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بولنگ لائن میں تیز گیند بازوں کی بہترین بیٹری ثابت ہوسکتی ہے۔
ڈیل سٹین کی سابق ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ نے ان کو اپنے سکواڈ میں برقرار نہیں رکھا لیکن گلیڈی ایٹرز نے تجربے کار گیند باز کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے انہیں اپنے سکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔
نوجوان سپن بولر زاہد محمود ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی چھاپ چھوڑ چکے ہیں اور پاکستان سپر لیگ ان کے لیے ایک بہترین موقع ہوگا کہ وہ خود کو محدود اوورز کی کرکٹ میں بہترین سپن بولر ثابت کریں۔