اپنی ریلیز سے پہلے ہی تنازعے کا شکار ہونے والی فلم ’گنگوبائی کاٹھیاواڑی‘ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ عالیہ بھٹ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر فلم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’30 جولائی 2021 کو سینما میں۔‘
انڈین اخبار انڈین ایکسپریس کی ویب سائٹ کے مطابق ’فلم کے ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی 58 ویں سالگرہ کے موقع پر اس فلم کا ٹیزر جاری کیا گیا ہے۔‘
عالیہ بھٹ جنہیں بالی وڈ کی ’ببلی گرل‘ کہا جاتا ہے اور وہ معصومانہ انداز میں اداکاری سے مداحوں کا دل جیت لیتی ہیں، اس ٹیزر میں بالکل ہی الگ انداز میں نظر آرہی ہیں۔
رعب دار اور بے باک شخصیت، جارحانہ اور تحکمانہ انداز، لہجے میں بے خوفی۔۔۔ عالیہ بھٹ کا یہ روپ نہ صرف ان کے مداحوں بلکہ کئی بالی وڈ فلمی ستاروں کو بھی خوب بھا رہا ہے جس کا اظہار وہ ان کی اس ٹویٹ پر کر رہے ہیں۔
in cinemas 30th July, 2021 ❤️#GangubaiKathiawadi #SanjayLeelaBhansali @prerna982 @jayantilalgada @PenMovies @bhansali_produc pic.twitter.com/DSotMR5S1r
— Alia Bhatt (@aliaa08) February 24, 2021
گنگوبائی کون تھیں؟
سنجے لیلا بھنسالی کی یہ فلم ایس حسین زیدی اور جین بورگیس کی کتاب’مافیا کوئنز آف ممبئی‘ پر مبنی ہے۔ گنگوبائی کا تعلق گجرات کے علاقے کاٹھیاواڑ کے ایک معتبر گھرانے سے تھا۔ اپنے دور طالب علمی میں وہ اپنے والد کے اکاؤنٹینٹ رمنیک لال کے عشق میں مبتلا ہوگئیں اور خاندان کی مخالفت کے بعد وہ ان کے ساتھ بھاگ گئیں۔
گنگو نے اپنے محبوب سے دھوکہ کھایا جس نے انہیں 500 روپے کے عوض جسم فروشی کا دھندہ کرنے والوں کو فروخت کر دیا۔
اب گنگو کے پاس واپسی کا کوئی راستہ نہیں تھا، ممبئی کے قحبہ خانوں میں سخت حالات کا سامنا کرنے کے بعد وہ ایک مضبوط خاتون بن گئی تھیں۔
ان کے اثر و رسوخ، رعب و دبدبے کی وجہ سے انہیں ’میڈم‘ کے نام سے جانا جانے لگا۔
گنگوبائی یوں تو بہت سوں کے لیے خوف کی علامت بن گئی تھیں مگر ان کے دل میں ان لڑکیوں کے لیے نرم گوشہ تھا جو ان کے کوٹھے پر بیچ دی جاتی تھیں۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ وہ خود بھی ماضی میں ایسی صورتحال کا سامنا کر چکی تھیں۔
