Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرینہ کپور کے گھر بیٹے کی پیدائش، ’تیمور بڑا بھائی بننے پر خوش‘

کرینہ کپور کی کزن ردھیما کپور نے انسٹاگرام سٹوری پر بیٹے کی پیدائش کی خبر شیئر کی (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی ووڈ کے مشہور اداکار سیف علی خان اور خوبرو اداکارہ کرینہ کپور ایک بار پھر والدین بن گئے ہیں۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق کرینہ کپور نے اتوار کو ایک بیٹے کو جنم دیا ہے جس کی خبر ان کی کزن ردھیما کپور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر شیئر کی ہے۔
جبکہ  فلمی دنیا کے اس حسین جوڑے کو سوشل میڈیا پر مبارک باد دی جا رہی ہے۔
انڈیا کے مشہور ڈیزائنر منہیش ملہوترا نے انسٹاگرام پر کرینہ اور سیف کی تصویر کے ساتھ لکھا ’سیف علی خان اور میری سب سے پیاری کرینہ کپور کو مبارک ہو۔‘
کرینہ کپور اور سیف علی خان کا اس سے پہلے چار سال کا بیٹا تیمور ہے۔ دونوں نے گذشتہ سال اگست میں ایک مشترکہ بیان میں اپنے دوسرے بچے کی آمد کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے لکھا تھا کہ ’ہمیں یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ ہمارے خاندان میں نئے فرد کی آمد متوقع ہے۔ ہمارے تمام خیر خواہوں کا ان کی حمایت اور محبت کے لیے شکریہ۔‘

کرینہ کپور اور سیف علی خان کا بڑا بیٹا تیمور علی خان چار سال کا  ہے (فوٹو:کرینہ کپور انسٹاگرام)

کرینہ کپور کے والد اور ماضی کے مشہور اداکار رندھیر کپور نے بھی اپنے دوسرے نواسے کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انڈین اخبار ٹائمز آف انڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ’ کرینہ اور بچہ ٹھیک ہیں۔ میں نے اپنے نواسے کو ابھی تک دیکھا نہیں لیکن کرینہ سے فون پر بتایا ہے کہ وہ ٹھیک ہے اور بچہ صحت مند ہے۔ میں بہت خوش ہوں۔‘
انہوں نے اپنے بڑے نواسے تیمور علی خان کے حوالے سے کہا کہ ’وہ خوش ہے۔ اپنا چھوٹا بھائی پا کر وہ بہت خوش ہے۔‘
میڈیا اطلاعات کے مطابق تیمور اپنے چھوٹے بھائی کو دیکھنے کے لیے ہسپتال روانہ ہو چکے ہیں۔
کرینہ اور سیف نے ’ٹشن‘ اور ’اومکارا‘ میں اکھٹے کام کیا تھا۔ دونوں کی شادی 2012 میں ہوئی تھی اور ان کا پہلا بیٹا 2016 میں پیدا ہوا تھا۔
سیف علی خان کے اپنی پہلی بیوی امریتا سنگھ سے بھی دو بچے ہیں جن میں سے ایک مشہور اداکارہ سارا علی خان ہیں اور بیٹے کا نام ابراہیم ہے۔

شیئر: