سعودی سفیر سے لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) بلال اکبر کی ملاقات
جمعرات 25 فروری 2021 16:03
اسلام آباد میں سعودی سفارتخانے میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا (فوٹو: سعودی سفارتخانہ)
پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے بدھ کے روز سابق چیئرمین پاکستان آرڈننس فیکٹری، لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) بلال اکبر نے ملاقات کی۔
یہ ملاقات اسلام آباد میں واقع سعودی عرب کے سفارت خانے میں ہوئی۔
سعودی سفارت خانے کے مطابق ’ملاقات خوش گوار ماحول میں ہوئی اور دونوں برادر ممالک کے مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال گیا۔‘
یاد رہے کہ سعودی سفیر نے حال ہی میں پاکستان کے صوبہ سندھ اور بلوچستان کا دورہ کیا جہاں انھوں نے صوبوں کی اعلیٰ سیاسی قیادت سمیت صوبائی اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں کا مقصد پاکستان کے عوام اور سعودی عرب کے درمیان استوار تعلقات کو مزید بہتر بنانا اور عوامی سطح تک لے جانا تھا۔
علاوہ ازیں پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے چئیرمین پاکستان علما کونسل، وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ امور علامہ طاہر محمود اشرفی نے بھی ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد اپنے بیان میں طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ’پاکستانی حکومت اور عوام سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی صحت و سلامتی کے لیے دعا گو ہیں۔‘
انہوں نے وزیراعظم پاکستان، حکومت اور عوام کی طرف سے ان کی جلد سے جلد مکمل صحت یابی کے لیے دعا اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔
اس موقع پر سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ ’سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان اخوت اور محبت کے رشتے بہت مضبوط ہیں۔‘