سلمان خان اور کترینہ کیف شوٹنگ سے پہلے کہاں تھے؟
ٹائیگر 3 میں سلمان خان را کے ایجنٹ کے کردار میں ہی نظر آئیں گے (فوٹو: سکرین گریب)
بالی وڈ کے ستارے سلمان خان، کترینہ کیف اور عمران ہاشمی اپنی آنے والی فلم ’ٹائیگر 3‘ کی شوٹنگ کے آغاز سے قبل پوجا میں شریک ہوئے ہیں۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق فلم کی شوٹنگ آٹھ مارچ سے شروع ہوگی۔ انڈین فلم پروڈکشن ہاؤس یش راج فلمز اپنے بینر تلے بننے والی ہر فلم کی شوٹنگ کے آغاز سے پہلے روایتی پوجا کا اہتمام کرتا ہے، اب کی بار بھی ایسا ہی ہوا اور فلم کے مرکزی فنکاروں نے پوجا کی اس تقریب میں شرکت کی۔
فلم کے ہدایتکار منیش شرما بھی اس پوجا میں شریک ہوئے۔
ایک عینی شاہد نے انکشاف کیا کہ ’سلمان خان گذشتہ روز شاہ رخ خان کے ساتھ اپنی فلم پٹھان کی شوٹنگ کے لیے یش راج فلمز کے سٹوڈیو آئے تھے۔‘
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ’سلمان خان کے سٹوڈیو آنے کا سنتے ہی ٹیم نے اسی دن پوجا کا اہتمام کیا اور کترینہ کو بھی مدعو کیا۔ منیش اور عمران ہاشمی بھی اس (پوجا) میں شریک ہوئے۔‘
ذرائع نے مزید بتایا کہ ’ یش راج فلمز اپنے پچاس سال مکمل ہونے کے بعد آج بالی وڈ یا انڈین فلم انڈسٹری میں سب سے بڑی فلمیں بنانے والی کمپنی ہے۔ ٹائیگر 3 اور پٹھان جب تھیٹرز میں ریلیز ہوں گی تو یہ شائقین کے لیے دلچسپ اور منفرد ہوگی۔ کاسٹ کے تمام ممبران نے ایک دوسرے کے ساتھ اچھا وقت گزارا اور ایک گھنٹے بعد سلمان خان پٹھان فلم کی شوٹنگ کے لیے چلے گئے۔‘
ٹائیگر 3 میں عمران ہاشمی ولن کا کردار نبھائیں گے جبکہ سلمان خان را کے ایجنٹ کے کردار میں ہی نظر آئیں گے۔ کترینہ کیف بطور ہیروئن اس فلم میں جلوہ گر ہوں گی۔