Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارت ثقافت کا فیشن ڈیزائن ٹریننگ کیمپ اتوار سے

فیشن ڈیزائن کیمپ آن لائن ہوگا (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزارت ثقافت پانچ روزہ فیشن ڈیزائن ٹریننگ کیمپ کا اتوار کو افتتاح کر رہی ہے۔  اس میں فیشن کی دنیا کی اہم شخصیات شرکت کریں گی۔  
العربیہ کے مطابق وزارت ثقافت نے بتایا ہے کہ سعودی وژن 2030 کے اہداف حاصل کرنے کے لیے فیشن ڈیزائن کیمپ پروگرام تین مراحل میں شروع  کیا جا رہا ہے۔ اس کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہو چکا ہے جس میں  33 ٹیمیں شریک تھیں۔ 
فیشن ڈیزائن کیمپ آن لائن ہوگا اور یہ دوسرا مرحلہ ہے جبکہ تیسرا مرحلہ اپریل 2021 میں منعقد ہوگا۔ جس کا سلسلہ پانچ ماہ تک جاری رہے گا۔  
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق آن لائن  فیشن ڈیزائن ٹریننگ کیمپ میں پانچ روز تک فیشن کے حوالے سے تعلیمی تجربات پیش کیے جائیں گے۔ اس حوالے سے پے درپے کلاسیں ہوں گی۔ شرکا فیشن کی صنعت سے متعلق نئے افکار پیش کرنے کا طریقہ کار سیکھیں گے۔ نئے افکار کو قابل عمل پختہ منصوبوں میں تبدیل کرنے کا انداز حاصل کریں گے۔
فیشن کے شعبے میں موثر اور پائیدار پروجیکٹ قائم کرنے کے لیے درکار مہارتیں حاصل کریں گے۔ اس بات کا بھی پتہ لگایا جائے گا کہ مارکیٹ میں کس طرح سے اپنا مقام پیدا کیا جائے۔ مارکیٹ میں کس درجہ کے کیسا ذوق رکھنے والے صارفین پائے جاتے ہیں۔ سٹراٹیجک شراکت کے طور طریقے بھی پیش کیے جائیں گے۔
یہ بھی دریافت کیا جائے گا کہ کسی بھی فیشن پروجیکٹ کے اخراجات کس طرح کم سے کم کیے جا سکتے ہیں۔ 
ٹریننگ کیمپ میں نئے ماڈل کے ڈیزائن، مارکیٹنگ، تجارتی مارکوں کی مینجمنٹ، تھوک اور ریٹیل  میں فیشن والے ملبوسات فروخت کرنے والے تصورات بھی  متعارف کرائے جائیں گے۔
علاوہ ازیں یہ بھی بتایا جائے گا کہ فیشن ٹیمیں کس طرح تیار کی جائیں انوکھا پن کیسے لایا جائے- لیڈر شپ کوالٹی کیسے حاصل کی جائے۔ کاپی رائٹ کے ضوابط پر کس طرح عمل درآمد ہو۔
ٹریننگ کیمپ میں شرکا کو تیسرے مرحلے میں شرکت کی حکمت عملی سے بھی روشناس کرایا جائے گا۔
وزارت ثقافت چاہتی ہے کہ سعودی نوجوان فیشن کی صنعت میں اپنے قدموں پر کھڑے ہوں اور اس حوالے سے ان کی جو ممکنہ مدد کی جا سکتی ہو، کی جائے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: