ریاض ریجن میں کورونا کے نئے کیسز بدستور سب سے زیادہ
ریاض ریجن میں کورونا کے نئے کیسز بدستور سب سے زیادہ
ہفتہ 27 فروری 2021 16:23
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 338 نئے مریض سامنے آئے ہیں( فوٹو سبق)
سعودی عرب میں کورونا کے نئے کیسز ایک ماہ سے مسلسل 300 سے زیادہ سامنے آ رہے ہیں۔ ریاض ریجن میں بدستور سب سے زیادہ نئے کیسز ہیں۔
سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’ سنیچر کو گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 338 نئے مریض سامنے آئے جبکہ 320 افراد وائرس سے صحت یاب بھی ہوئے۔‘
وزرات صحت کے مطابق ’گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے مزید پانچ مریض چل بسے، جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد چھ ہزار 488 ہو گئی ہے۔‘
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’مملکت میں کورونا کے ایکٹیو کیسزکی تعداد دو ہزار 562 ہے، جن میں سے 475 کی حالت نازک ہے جو انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں زیرعلاج ہیں۔‘
جاری اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ مریض ریاض ریجن میں سامنے آئے، جن کی تعداد 179 ہے جبکہ الشرقیہ ریجن میں 70 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
مکہ ریجن میں کورونا کے 42 مریض سامنے آئے۔ عسیر ریجن میں دس اور القصیم ریجن میں نو افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
مدینہ منورہ ریجن میں سات، الجوف ریجن میں پانچ ، پانچ، تبوک ریجن میں چار، جازان ، حائل اور الباحہ ریجن میں تین، تین، نجران ریجن میں دو جبکہ الحدود الشمالیہ ریجن میں ایک مریض سامنے آیا ہے۔
اب تک تین لاکھ 77 ہزار 61 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے تین لاکھ 68 ہزار 11 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے مقررہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے، جن میں سماجی فاصلے کا اصول انتہائی اہم ہے۔