Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ملٹری انڈسٹریز کے بین الاقوامی دفاعی کمپنیوں سے معاہدے

سعودی وژن 2030 کے تحت مملکت کی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھایا جا رہا ہے۔(فوٹو عرب نیوز)
سعودی عربین ملٹری انڈسٹریز(سیمی) نے رواں ہفتےابو ظبی میں ہونے والی  بین الاقوامی دفاعی نمائش اور کانفرنس (آئی ڈی ای ایکس) کے دوران بین الاقوامی اسلحہ ساز کمپنیوں اور سرکاری حکام کے ساتھ تعاون کے متعدد معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (PIF) کے مکمل ملکیتی ادارے سعودی ملٹری انڈسٹریز کا مقصد سعودی وژن 2030 کے تحت مملکت کی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانا اور فوجی صنعت کو مقامی بنانا ہے۔
سعودی ملٹری انڈسٹریز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ولید بن عبد المجید ابو خالدکا کہنا ہے کہ ہم IDEX 2021 میں شرکت کے ذریعے شاندار کامیابی حاصل کرنے پر خوش ہیں۔

ہیلی کاپٹروں اور فکسڈ ونگ ایئرکرافٹ کی تیاری میں فروغ ملے گا۔(فوٹو سعودی گزٹ)

اس سے ہم نئی کامیابیوں کی طرف اپنا سفر جاری رکھیں گے اور سعودی عرب کو دنیا کی فوجی ضروریات کے لیےاسلحہ سازی میں نمایاں ملک  بنائیں گے۔
سیمی نے دنیا کی سب سے بڑی امریکی فوجی دفاعی کمپنی  لاک ہیڈ مارٹن کے ساتھ مشترکہ منصوبے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
اس منصوبے سے ہیلی کاپٹروں اور فکسڈ ونگ ایئرکرافٹ کی تیاری ، بحالی اور مرمت کے ساتھ سافٹ ویئر ٹیکنالوجی کے ساتھ مزید صلاحیتوں کو فروغ ملے گا۔
اس موقع پر سعودی ملٹری انڈسٹریز نے ابوظبی کی کمپنی نمر کے ساتھ تعاون کے معاہدے پر بھی دستخط کیے ہیں۔ نمر ابوظبی میں ای ڈی جی ای ٹیکنالوجی گروپ کا حصہ ہے۔

سعودی عرب کو اسلحہ سازی میں نمایاں ملک  بنایا جائے گا۔(فوٹو زاویہ)

اس معاہدے سے دونوں کمپنیاں بکتربند فوجی اور سیکیورٹی گاڑیوں کے لیے کام کریں گی۔
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے مابین فوجی صنعتی شعبے میں پہلی مرتبہ باہمی تعاون کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملے گا۔
سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے ملٹری انڈسٹریز(GAMI) نے آئندہ سال کے IDEX میں سیمی کے ساتھ سٹریٹجک پارٹنر ہونے کے معاہدے پر بھی دستخط کیے ہیں۔
اس پانچ روزہ نمائش کے دوران جنرل اتھارٹی برائے ملٹری انڈسٹریز کے گورنر احمد بن عبدالعزیز العوھلی نے متحدہ عرب امارات میں سعودی سفیر ترکی بن عبداللہ الدخیل کے ہمراہ سعودی عرب کے پویلین کا دورہ کیا۔
پویلین میں متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم ابوظبی کے ولی عہد شہزادہ شیخ محمد بن زید اور لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زید النہیان کا بھی خیرمقدم کیا۔
 

شیئر: