پوپ فرانسس کے دورہ عراق سے قبل ویٹیکن کے سفیر کا کورونا ٹیسٹ مثبت
پوپ فرانسس کے دورہ عراق سے قبل ویٹیکن کے سفیر کا کورونا ٹیسٹ مثبت
اتوار 28 فروری 2021 22:58
سفیر کے کورونا ٹیسٹ کا اس دورے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا(فوٹو عرب نیوز)
پوپ فرانسس کے عراق کے تاریخی دورے سے محض چند قبل روز عراق میں ویٹیکن کے سفیر میتجا لیسکوار کا کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔
یہ بات عراق کے دو عہدیداروں نے اتوار کو خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتائی ہے۔
پوپ فرانسس کے دورۂ عراق کی تفصیلات کے بارے میں جاننے والے ایک عراقی عہدیدار نے بتایا ’ہاں ویٹیکن کے سفیر میتجا لیسکوار کا کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت آیا ہے تاہم اس کا اس دورے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
دوسری جانب ایک اطالوی سفارت کار نے بھی انفیکشن کی تصدیق کی ہے۔
واضح رہے کہ عراق میں ویٹیکن کے سفیر میتجا لیسکوار حالیہ ہفتوں کے دوران ملک کے شمال میں موصل، مزارِ نجف اور اس کے جنوبی علاقے سمیت پوپ فرانسس کے دورے کی تیاری کے لیے پورے ملک کا دورہ کر رہے تھے۔
غیر ملکی دوروں کے دوران پوپ عام طور پر نانسیو کی رہائش پر رہتے ہیں تاہم عراقی حکام نے سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے پوپ فرانسس کی رہائش کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کی ہیں۔
عراق میں کورونا وائرس کے انفیکشن نئے سرے سے ابھر رہے ہیں جس کا الزام وزارت صحت نے ایک نئی تیزی سے پھیلنے والے دباؤ پر عائد کیا ہے جو برطانیہ میں پہلی بار سامنے آیا تھا۔
عراق میں کورونا وائرس کے روزانہ چار ہزار کے قریب نئے کیسز درج ہو رہے ہیں جو گزشتہ سال ستمبر میں اپنی انتہا پر تھے۔
عراق میں گذشتہ ستمبر میں کورونا انفیکشنز کی تعداد سات لاکھ کے قریب تھی جبکہ اس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 13 ہزار 400 کے قریب تھی۔
پوپ فرانسس، ان کے ویٹیکن عملے اور ان کے ساتھ سفر کرنے والے درجنوں بین الاقوامی رپورٹرز کو بھی پہلے ہی ویکیسن لگائی جا چکی ہے۔
خیال رہے کہ عراق نے ابھی تک ویکسین کی مہم شروع نہیں کی ہے۔