Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد یونائیٹڈ کے فواد احمد کورونا کا شکار، میچ ملتوی

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ایونٹ میں اب تک سب سے مایوس کن کارکردگی دکھائی ہے۔ (فوٹو: اردو نیوز)
پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایک غیرملکی کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا آج ہونے والا میچ ملتوی کر دیا گیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری ہوئے اعلامیے کے مطابق دونوں ٹیموں کے مابین میچ اب منگل کی شام 7 بجے کھیلا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ’پی ایس ایل سکس کے آج ہونے والے میچ میں شریک ایک ٹیم کے ایک کھلاڑی کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ مذکورہ کھلاڑی میں دو روز قبل کورونا  کی علامات ظاہر ہوئی تھیں جس پر انہیں فوری طور پر آئسولیٹ کردیا گیا تھا۔‘  

 

پی سی بی کا کہنا کہا ہے کہ ’کورونا مثبت آنے والے کھلاڑی کی ٹیم میں شامل دیگر کھلاڑیوں کے کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے جبکہ دوسری ٹیم میں شامل سکواڈ کی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کی جا رہی ہے۔‘  
جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے اعلامیے کے مطابق ’ان کے کھلاڑی فواد احمد کورونا کا شکار ہو گئے ہیں جبکہ ٹیم میں شامل دیگر کھلاڑیوں کو میچ کھیلنے کے لیے کلیئر قرار دے دیا گیا ہے۔‘  
پاکستان سپر لیگ کا آج 12واں میچ اسلام آباو یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے درمیان نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں سات بجے کھیلا جانا تھا۔

پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن

پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی چار میچز کھیل کر چھ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ پشاور نے تین میچز جیتے جبکہ ایک میں اسے شکست ہوئی۔
پوائنٹس ٹیبل پر لاہور قلندرز چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ لاہور قلندرز نے چار میچز کھیلے، تین میں فتح سمیٹی جبکہ ایک میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
کراچی کنگز نے چار میچز کھیلے، دو میں کامیابی حاصل کی جبکہ دو میں اسے ناکامی ہوئی۔ اس طرح اس کے چار پوائنٹس ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی پہلے نمبر پر ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اسلام آباد یونائیٹڈ نے تین میچز کھیلے جن میں سے دو میں اس نے جیتے ہیں جبکہ ایک میچ وہ ہاری ہے۔ اس طرح اسلام آباد کے چار پوائنٹس ہیں۔
پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز دو پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ ملتان نے چار میچز کھیلے، صرف ایک میں کامیابی اس کا مقدر بنی جبکہ چار میچز میں قسمت نے اس کا ساتھ نہ دیا۔
پی ایس ایل کی سابق چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ایونٹ میں اب تک سب سے مایوس کن کارکردگی دکھائی ہے۔
سرفراز احمد کی کپتانی میں کوئٹہ کی ٹیم نے تین میچز کھیلے ہیں اور تینوں میں ہی اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ اس طرح پوائںٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کوئی پوائنٹ نہیں ہے اور یہ ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں چھٹے یعنی آخری نمبر پر ہے۔
 

شیئر: