دو ماہ کے ریکارڈ وقت میں کورونا کے کیسزکم ہوگئے۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ’ مدینہ میں کورونا کے کیسز میں 86 فیصد کمی کی بڑی وجہ یہ ہے کہ وہاں کورونا ایس او پیز اور ’توکلنا ایپ‘ پر عملدرآمد مکمل طریقے سے ہورہا ہے‘۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق العبد العالی نے کہا کہ ’سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی (سدایا) نے کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد میں موثر کردارادا کیا ہے‘۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ’ وبا کو کنٹرول کرنے کے سلسلے میں جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا۔ سرکاری اداروں اور تجارتی مراکز میں توکلنا ایپ کے ذریعے کورونا کیسز پکڑنے میں مدد بھی کی‘۔
وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ’ ٹیکنالوجی کی مدد سے مدینہ میں وائرس کو کنٹرول کرنے کا تجربہ علاقائی اور بین الاقوامی سطحوں پر کامیاب ترین ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’ مدینہ کے علاقے میں کورونا کے وبائی حالات سنگین ہوگئے تھے اس کے بعض شہر اور کمشنریاں وبا کے اڈوں میں تبدیل ہوگئے تھے اور متاثرین کی تعداد بڑھتی جارہی تھی‘۔
وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ’ ایسا اس لیے ہورہا تھا کیونکہ بعض لوگ کورونا وبا سے بچاؤ اور اسے پھیلنے سے روکنے کے لیے مقرر ایس او پیز پر پابندی کے حوالے سے لاپروائی برت رہے تھے‘۔
ترجمان نے کہا کہ’ ایس او پیز پر سختی سے عمل اور توکلنا ایپ کے ذریعے صحت حالات کی نگرانی کی بدولت دو ماہ کے ریکارڈ وقت میں کورونا کے کیسز 86 فیصد سے کہیں زیادہ کم ہوگئے‘۔