Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کورونا ایس او پیز کی پابندی میں لاپروائی ناقابل برداشت‘

چیک پوسٹ پر رکتے ہوئے بھی حفاظتی ماسک پہننا ضروری ہے۔ (فوٹو: عاجل)
سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان طلال الشلھوب نے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے کہا ہے کہ چیک پوسٹ پر رکتے ہوئے بھی حفاظتی ماسک پہننا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مملکت کے کسی بھی علاقے میں کورونا ایس او پیز کی پابندی میں لاپروائی ناقابل برداشت ہوگی۔ وزارت داخلہ اس حوالے سے سخت اقدامات کرے گی- 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق طلال الشلھوب نے کہا کہ کورونا ویکسین  کی دونوں خوراکیں لینے پر ’ہیلتھ پاسپورٹ‘ والوں کے لیے بھی حفاظتی ماسک کی پابندی ضروری ہے جب تک وبا موجود ہے تب تک ماسک کا استعمال اشد ضروری ہے۔ اس حوالے سے لاپروائی نہ برتی جائے۔ 
وزارت داخلہ کے ترجمان  نے تمام سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے کہا کہ وہ ریستورانوں اور قہوہ خانوں کے سامنے جمع نہ ہوں۔  کسی بھی کاروباری مرکز کے اندر یا باہر اژدھام سے پرہیز کریں۔  
 انہو ں نے کہا کہ ریستورانوں اور قہوہ خانوں میں ٹیبل سروس پر پابندی کے بعد آرڈر باہر سے وصول کرنے والوں کا رش بڑھ رہا ہے جس میں سماجی فاصلے کی پابندی نہیں ہو رہی ہے۔
ترجمان نے ہدایت کی کہ وبا ختم ہونے تک ہیلتھ پاسپورٹ حاصل کرنے کے بعد بھی مقامی شہری اور مقیم غیرملکی حفاظتی ماسک کی پابندی کریں۔ 

گزشتہ ہفتے ایس او پیز کی 43428 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ (فوٹو: ایس پی اے)

علاوہ ازیں سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کووڈ 19 ایس او پیز کی مملکت بھر میں 43428 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سب سے زیادہ 17789 خلاف ورزیاں ریاض ریجن میں ریکارڈ پر آئیں۔ مکہ مکرمہ ریجن 10388 خلاف ورزیوں کے ساتھ دوسرے اور مشرقی ریجن 4819 خلاف ورزیوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
مملکت بھر میں سب سے کم  155 کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں نجران ریجن میں ہوئی ہیں۔

شیئر: