سعودی عرب میں ڈرائیونگ لائسنس کا حصول اور بنیادی شرائط
سعودی عرب میں ڈرائیونگ لائسنس کا حصول اور بنیادی شرائط
بدھ 3 مارچ 2021 0:20
ارسلان ہاشمی ۔ اردو نیوز، جدہ
ایسے افراد جو ٹیسٹ میں پاس نہیں ہوتے انہیں کم از کم 30 گھنٹے کی تربیت دی جاتی ہے: فائل فوٹو اے ایف پی
سعودی عرب میں ٹریفک پولیس نے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے قانون کی شق نمبر 36 کے تحت عمر کی حد 18 جبکہ عوامی ڈرائیورکے لیے کم از کم 20 برس ہونا لازمی ہے۔
ٹریفک پولیس سات بنیادی شرائط مقرر کی ہیں جن کو پورا کرنے پر ڈرائیونگ لائسنس کا حصول ممکن ہوتا ہے۔
1۔ درخواست گزار کی عمر 18 برس ہو
2۔ لائسنس حاصل کرنے والے کے خلاف نشہ کرنے یا نشہ آور اشیافروخت کرنے کے حوالے سے عدالت سے سزا یافتہ نہ ہو
مذکورہ بالا بنیادی شرائط ہیں جنہیں ہر صورت میں مکمل کرنا ضروری ہے۔
ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے بنیادی طور پر دو طریقے ہیں۔ اپنے ملک کا ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والوں کا لائسنس جلد جاری کیا جاتا ہے جبکہ ایسے افراد جن کے پاس کوئی ڈرائیونگ لائسنس نہ ہو انہیں ٹریفک پولیس کے منظور شدہ ڈرائیونگ سکول میں مقررہ تعلیم حاصل کرنے کے بعد امتحان دینا ہوتا ہے۔
غیر ملکی ڈرائیونگ لائسنس
وہ تارکین وطن جن کے پاس اپنے ملک کا ڈرائیونگ لائسنس ہوتا ہے انہیں چاہیے کہ وہ اس کا عربی میں ترجمہ کروا کراسے اپنے ملک کے سفارتخانے سے تصدیق کریں۔
بعدازاں ٹریفک پولیس کے منظور شدہ ڈرائیونگ سکول کی ویب سائٹ پر رجسٹر کریں اور وہاں سے ڈرائیونگ کا امتحان دیں۔
امتحان میں پاس ہونے والوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کر دیا جاتا ہے۔ ایسے افراد جو ٹیسٹ میں پاس نہیں ہوتے انہیں کم از کم 30 گھنٹے کی تربیت دی جاتی ہے جو تین گھنٹہ فی یوم کے حساب سے ہوتی ہے۔
ڈرائیونگ لائسنس نہ رکھنے والے افراد
وہ افراد جو غیر ملکی ڈرائیونگ لائسنس نہیں رکھتے ان کےلیے ڈرائیونگ اسکول میں رجسٹریشن کرکے 90 گھنٹے کی ٹریننگ حاصل کرنا لازمی ہے جو 30 دن پر محیط ہے اور 3 گھنٹہ یومیہ کے حساب سے ہوتی ہے۔
ڈرائیونگ کی کلاسز مکمل ہونے کے بعد امتحان سے گزارنا ہوتا ہےجس میں ڈرائیونگ اور ٹریفک سائنز کا ٹیسٹ پاس کرنا لازمی ہے۔
میڈیکل ٹیسٹ
ڈرائیونگ ٹیسٹ مکمل کرنے کے بعد میڈیکل ٹیسٹ کےلیے منظور شدہ ہسپتال یا طبی مرکز سے سرٹیفیکٹ حاصل کرنا ہوتا ہے جس میں بلڈ گروپ، آنکھوں کا ٹیسٹ اور جسمانی حالت کا معائنہ کیا جاتا ہے۔
انٹرنینشل ڈرائیونگ لائسنس
انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے مقررہ درخواست فارم بھر کردوعدد تصویر اور پاسپورٹ کی فوٹو کے ساتھ فیس ادا کرنے کے بعد ادارے سے رجوع کیا جائے گا جہاں سے بین الاقوامی ڈرائیونگ لائسنس جاری کیا جاتا ہے۔
عالمی ڈرائیونگ لائسنس کسی بھی ٹریول اینڈ ٹور ایجنسی سے جاری کرایا جا سکتا ہے جو اس امر کی مجاز ہوں۔
17 برس کی عمر کے لیے ڈرائیونگ پرمٹ
قانون کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس کے لیے عمر کی حد 18 برس مقرر ہے تاہم 17 برس کی عمر کے نوجوانوں کے لیے ایک سال کا ڈرائیونگ پرمٹ جسے ’تصریح‘ کہا جاتا ہے بھی جاری کرائی جا سکتی ہے۔
اس ضمن میں ٹریفک پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’تصریح‘ جاری کرانے کے لیے عمر 17 برس ہونا لازمی ہے اس سے کم نہیں۔
ڈرائیونگ پرمٹ حاصل کرنے کے لیے ڈرائیونگ سکول میں رجسٹریشن اور میڈیکل سرٹیفیکٹ کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ مقررہ فارم کے ساتھ 6 تصاویر منسلک کی جائیں گی۔
غیر ملکیوں کے لیے کارآمد اقامہ ہونا بنیادی شرط ہے۔
خواتین کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا
سعودی عرب میں خواتین کو بھی ڈرائیونگ کی اجازت ہے اس ضمن میں محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ جو قوانین مردوں کےلیے ہیں وہی خواتین پر بھی لاگو ہوتے ہیں۔