سعودی ریڈیو کی پہلی خاتون اناؤنسر کون؟
اسما زعزوع مکہ مکرمہ میں پیدا ہوئی تھیں- (فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں ریڈیو سے نشر ہونے والی پہلی نسوانی آواز کا اعزاز اسما زعزوع نے حاصل کیا تھا۔ انہوں نے تقریبا 4 عشروں تک ریڈیو نشریات میں بھرپور طریقے سے حصہ لیا-
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت اطلاعات و نشریات نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بتایا کہ اسما بنت محمد یوسف زعزوع 1928 کو مکہ مکرمہ کے الشامیہ محلے میں پیدا ہوئی تھیں۔ 86 برس کی عمر پا کر جنوری 2014 میں مکہ مکرمہ میں انتقال ہوا۔ ان کا مشہور ترین ریڈیو پروگرام ‘ماما اسما’ رہا۔
وزارت اطلاعات نے مزید بتایا کہ اسما زعزوع 1948 میں اپنے خاوند عزیز ضیا کے ہمراہ انڈیا گئی تھیں جہاں دونوں نے نئی دہلی آل انڈیا ریڈیو سروس میں کام کیا۔ وہ 1951 میں سعودی عرب واپس آ گئی تھیں۔ بانی مملکت شاہ عبدالعزیز کی ہدایت پر عزیز ضیا نئی دہلی سے سعودی عرب واپس چلے آئے تھے۔
اسما زعزوع کا نام 1963 میں ریڈیو اناؤنسر خاتون کی حیثیت سے مشہور ہوا۔ ان کے ہمراہ دو اور خواتین نجدیہ بنت ابراہیم الحجیلان اور ڈاکٹر فاتنۃ امین شاکر بھی سعودی ریڈیو نشریات سے منسلک ہوئیں۔
اسما زعزوع نے 1972 میں ریڈیو پروگرام پیش کرنے سے معذرت کرلی اور بچوں کے پروگرام تیار کرنے پر انحصار کر لیا۔ وہ 1985 میں ریٹائر ہوگئی تھیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں