کوہلی کی انسٹاگرام پر بھی سینچری، 100 ملین فالوورز رکھنے والے پہلے کرکٹر
وراٹ کوہلی چوتھے سب سے زیادہ فالو ہونے والے کھلاڑی ہیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر وراٹ کوہلی)
انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے ایک اور سینچری بنا لی ہے لیکن اس مرتبہ 100 کا ہندسہ کسی پچ پر نہیں بلکہ سوشل میڈیا پر کراس کیا ہے۔
وراٹ کوہلی نہ صرف انڈیا بلکہ دنیا بھر میں پہلے کرکٹر بن گئے ہیں جن کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر 10 کروڑ فالوورز ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ایشیا پیسیفک خطے میں وراٹ کوہلی پہلی شخصیت ہیں جنہیں انسٹاگرام پر اتنی بڑی تعداد میں افراد فالو کرتے ہیں۔
بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر وراٹ کوہلی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’32 سالہ کپتان کے انسٹاگرام پر 10 کروڑ فالورز ہو گئے ہیں۔‘
اگر کھیلوں کی دنیا کا جائزہ لیا جائے تو سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والے کھلاڑیوں میں وراٹ کوہلی چوتھے نمبر پر ہیں۔
سپورٹس کی دنیا میں پرتگالی فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے کھلاڑی ہیں جن کے فالوورز کی تعداد 20 کروڑ 65 لاکھ ہے۔
جبکہ ارجنٹائن کی فٹ بال ٹیم کے کپتان لیونل میسی 10 کروڑ 86 لاکھ فالوورز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
برازيل کی فٹ بال ٹیم کے کھلاڑی نیمار 10 کروڑ 47 لاکھ فالوورز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
وراٹ کوہلی کا شمار دنیا کے بہترین بلے بازوں میں ہوتا ہے جو ٹیسٹ میچز میں 27 سنچریاں مکمل کر چکے ہیں۔
10 کروڑ فالوورز کے کلب میں ہالی وڈ کے چند اداکار اور گلوکار بھی شامل ہیں۔