Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسلمانوں کی لاشیں نہ جلانے پر سری لنکا سے مسلم ورلڈ لیگ کا اظہار تشکر

کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی لاشیں اسلامی طریقے سے دفنائی جائیں گی۔(فوٹو عرب نیوز)
سری لنکا کی حکومت نے کورونا وائرس کے باعث انتقال کر جانے والے مسلمانوں کی لاشوں کو نہ جلانے اور انہیں اسلامی طریقہ کار کے مطابق دفنانے سے متعلق مسلم ورلڈ لیگ ’ایم ڈبلیو ایل‘کی درخواست سے اتفاق کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ بات سری لنکا میں امور خارجہ  کے وزیر دنیش گوناوردھنا نے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ کو ٹیلی فون پر بتائی۔

او آئی سی نے بھی سری لنکا کے اس  فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے (فوٹو: عرب نیوز)

سری لنکن وزیر خارجہ نے ڈاکٹر محمد العیسیٰ کو آگاہ کیا کہ ان کی حکومت نے ایم ڈبلیو ایل کی درخواست پر اتفاق ظاہرکیا ہے۔
 گوناوردھنا نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایل مسلم اقوام کا ایک عالمگیر حوالہ ہے اور ہمارے اس اقدام سے مسلم ورلڈ لیگ اور سری لنکن حکومت کے مابین قریبی تعلقات کو مزید تقویت ملی ہے۔
مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل نے مسلمانوں کی آخری رسومات ادا کرتے وقت ان کی لاشوں کو نذرآتش کرنے کا سلسلہ ختم کرنے اور ان کی اسلامی طریقے سے تدفین کی اجازت دینے سے متعلق مسلم ورلڈ لیگ کی درخواست منظور کرنے پر سری لنکا کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

او آئی سی متعدد مواقع پر سری لنکن حکام سے یہ مطالبہ کر چکی ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)

اسلامی تعاون تنظیم ’او آئی سی‘ کے جنرل سیکریٹریٹ نے بھی سری لنکن حکومت کے اس  فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
او آئی سی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ کورونا کی عالمی وبا کے دوران متعدد مواقع پر سری لنکن حکام سے مطالبہ کر چکی ہے کہ وہ مسلمانوں کی لاشوں کو نذرآتش کرنے سے باز رہیں اور انہیں اسلامی احکامات کے مطابق دفن کریں۔
 

شیئر: