او آئی سی کی سری لنکا سے تدفین میں امتیازی سلوک پر مذمت
او آئی سی کی سری لنکا سے تدفین میں امتیازی سلوک پر مذمت
جمعہ 6 نومبر 2020 19:27
مذہبی عقائد اور ذمہ داریوں کے مطابق میت کا احترام کیا جائے۔(فوٹو البلاد)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے آزاد مستقل ہیومن رائٹس کمیشن (آئی پی ایچ آر سی) نے جمعرات کو سری لنکا میں مسلمانوں کی تدفین میں عقیدے کا احترام نہ کرنے کی اطلاعات پر اپنے شدید خدشات کا اظہار کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق رپورٹ میں اس بات کی جانب اشارہ کیا گیا ہے کہ سری لنکا کی حکومت کورونا وائرس کے باعث وفات پانے والے تمام افراد کی آخری رسوم ایک ہی طرح سےادا کر رہی ہے۔
سری لنکا میں مذہبی عقیدے کے مطابق تدفین پر پابندی عائد ہے جس کے باعث بہت ساری مذہبی اقلیتیں رسومات ادا نہیں کر سکتیں ان اقلیتوں میں مسلمان بھی شامل ہیں۔
یہ مسئلہ انسانی حقوق کی متعدد تنظیموں نے بھی اٹھایا ہے اور اقوام متحدہ کی خصوصی مذہبی اور عقیدے سے متعلق تنظیم کی جانب سے سری لنکا کی حکومت سے اپیل کی گئی ہے کہ مسلم اقلیت کے تدفین کے حقوق کا احترام کیا جائے۔
عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کورونا وائرس کے باعث وفات پانے والوں کے متعلق سری لنکن حکومت کے ردعمل پر سفارش کی گئی ہے کہ اس طرح تدفین کے عمل کو روکا جائے۔ تدفین کے ایک ہی طرح کے اقدام کو نافذ کرنا کوئی لازمی اقدام نہیں ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم کےآزاد مستقل ہیومن رائٹس کمیشن نے سری لنکا کی حکومت سے اپیل کی ہے کہ مذہبی عقائد اور ذمہ داریوں کے مطابق میت کا احترام کیا جائے اور کسی بھی طرح کے امتیازی سلوک کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مسلم اقلیت کے مذہب کا احترام کرنے کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کی ذمہ داریوں کو پورا کیا جائے۔