اگر تھکاوٹ برقرار رہتی ہے تو یہ مدافعتی نظام کی کمزوری کی علامت ہو سکتی ہے (فوٹو: فری پک)
مدافعتی نظام جسمانی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے چوبیس گھنٹے کام کرتا ہے، انسانی جسم کو صحت مند رکھنے اور ہر طرح کی بیماریوں اور وائرس سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
سیدتی میگزین میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق مدافعتی نظام جسم کو مختلف بیماریوں سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور اس کی وجہ سے موت کا خطرہ بھی کم ہو جاتا ہے، اس لیے یہ انسانی زندگی کی بقا کے لیے بہت ضروری ہے۔
جب مدافعتی نظام کمزور ہوتا ہے تو یہ جسم کو خطرناک بیماریوں سے بچانے کے لیے موثر انداز میں کام نہیں کر پاتا اور انفیکشن سے زیادہ متاثر ہونے کا امکان بڑھا جاتا ہے۔
کمزور مدافعتی نظام کی چند علامتیں یہ ہو سکتی ہیں۔
1:زیادہ سردی محسوس کرنا
تحقیق کے مطابق اگر آپ کو بار بار نزلہ ہو رہا ہے تو اس سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ کا مدافعتی نظام کمزور ہے۔ سردی اور اس سے متعلقہ انفیکشن اکثر سات سے دس دن میں ٹھیک ہوجاتے ہیں۔
2: خودکار امراض
خودکار امراض اس وقت ہوتے ہیں جب آپ کا مدافعتی نظام غلطی سے صحتمند خلیوں پر حملہ کرتا ہے۔
3: تاخیر سے نمو
تحقیق کے مطابق کمزور مدافعتی نظام بچوں میں تاخیر سے نشوونما کا باعث بنتا ہے، لہذا اگر آپ نے محسوس کیا کہ آپ کے بچے کی نشوونما ٹھیک سے نہیں ہو پا رہی تو آپ کو پیڈیاٹریشن سے معائنہ کروانے کی ضرورت ہے۔
بعض اوقات نشوونما میں تاخیر ناقص غذا کی وجہ سے ہوتی ہے۔ اگر ایسا ہے تو ماہراطفال آپ کے بچے کے لیے مناسب پروٹین سے بھرپور غذا تجویز کرے گا۔ غذا میں وٹامن اے ، وٹامن سی، وٹامن بی سمیت تمام ضروری غذائی اجزا شامل ہونے چاہییں۔
4:خون کی خرابی
خون کی عام بیماریوں میں سے کچھ جو کمزور مدافعتی نظام کی نشاندہی کرتے ہیں ان میں ہیموفیلیا، خون کی کمی، خون کے جمنے اور لیمفوما، لیوکیمیا، اور مائیلوما شامل ہیں۔
5: جلد پر اثرات
آپ کی جلد جراثیم سے لڑنے میں سب سے پہلی رکاوٹ ہے۔ اس کی ظاہری شکل سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ جسم میں قوت مدافعت کتنے بہتر طریقے سے کام کرتی ہے۔
بار بار ہونے والے دانے یا خشک جلد کی ظاہری شکل کسی انفیکشن کی علامت ہے۔
6: اعضاء کی سوزش
اعضاء کی سوزش جسم کے قوت مدافعت کے نظام کو بھی سست کر تی ہے۔ متاثرہ خلیے، زہریلے بیکٹیریا، حرارت یا دیگر وجوہات کی وجہ سے ایسا ہوتا ہے۔ جسم میں کسی قسم کی چوٹ سوجن کا باعث بن سکتی ہے اور یہ کمزور مدافعتی نظام کی علامت ہے۔
7:زخموں کا آہستہ آہستہ بھرنا
اگر آپ نے محسوس کیا کہ جلد پر آپ کے زخم ٹھیک ہونے میں معمول سے زیادہ وقت لے رہے ہیں تو آپ کا مدافعتی نظام کمزور ہے۔ مدافعتی نظام جلد کو جراثیم سے لڑنے میں مدد دیتاہے اور انفیکشن کا خطرہ کم کرتا ہے۔
8: مستقل تھکاوٹ
روزمرہ کی زندگی میں سخت محنت کے بعد تھکاوٹ محسوس ہونا معمول ہے لیکن اگر آرام کر لینے کے باوجود بھی تھکاوٹ برقرار رہتی ہے تو یہ مدافعتی نظام کی کمزوری کی علامت ہو سکتی ہے۔