سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے علاقائی رہنماؤں کی ملاقاتیں
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے علاقائی رہنماؤں کی ملاقاتیں
منگل 9 مارچ 2021 7:32
سعودی ولی عہد سے اردن کے فرمانروا، بحرینی ولی عہد اور ملائشیا کے وزیراعظم نے ملاقاتیں کیں (ٖفوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کے ولی عہد، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ الثانی بن الحسین، بحرینی ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد اور ملائشیا کے وزیراعظم محی الدین یاسین نے ملاقات کی۔
الشرق الاوسط کے مطابق محمد بن سلمان اور شاہ عبداللہ الثانی کی پیر کو ریاض میں ہونے والی ملاقات میں سعودی عرب اور اردن کے برادرانہ تعلقات، مختلف شعبوں میں تعاون کے طریقوں اور مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے نئے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے متعدد عرب اور علاقائی مسائل اور انہیں حل کرنے کے لیے صرف کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اردنی فرمانروا پیر کو سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچے تھے۔ ان کے ہمراہ ولی عہد شہزادہ الحسین بن عبداللہ الثانی بھی ریاض پہنچے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شاہ عبد اللہ کا خیر مقدم کیا تھا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزرا اور دیگر اعلٰی حکام بھی موجود تھے۔
بحرینی ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد بھی پیر کو ریاض پہنچے تھے۔ سعودی ولی عہد اور بحرینی ولی عہد کے درمیان ریاض میں ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں بحرین اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس کے علاوہ ملائشیا کے وزیراعظم محی الدین یاسین نے بھی پیر کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔
ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مہمانوں کا استقبال کیا (فوٹو: اے ایف پی)
ملائشیا کے وزیراعظم محی الدین یاسین بھی پیر کے روز سعودی دارالحکومت ریاض پہنچے تھے۔
ریاض آمد پر ملائشیا کے وزیراعظم محی الدین یاسین نے کہا تھا کہ ’ان کا دورہ سعودی عرب بے حد اہم ہے۔ وہ سعودی عرب کے ساتھ اپنے ملک کے تعلقات مضبوط بنانے کے لیے مذاکرات کریں گے۔‘
العربیہ نیٹ کے مطابق محی الدین یاسین کا کہنا تھا کہ ’وہ سعودی عرب اور ملائشیا کے بہترین تعلقات کے معیار کو بہت اوپر لے جانے کی کوشش کریں گے۔‘