کورونا ضوابط کی خلاف ورزی پر شہری گرفتار
ملزم نے خلاف ورزی کی وڈیوبھی سوشل میڈیا پراپ لوڈ کی تھی(فوٹو، سبق)
مکہ مکرمہ ریجن کے پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فٹبال گراونڈ میں جانے والے شہری کوگرفتار کرلیاگیاہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے ریجنل پولیس ترجمان کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ ملزم نے کورونا خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی وڈیو بھی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی تھی۔
پولیس کو ملزم کی وڈیو موصول ہوتے ہی اس کی گرفتاری کے لیے وزارت کھیل سے رابطہ کیا گیا تاکہ ملزم کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کی جاسکیں۔
گرفتار ملزم سعودی شہری ہے جس کی عمر 30 برس کے قریب ہے ۔ ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے اسے متعلقہ ادارے کے سپرد کردیا گیاہے۔
واضح رہے مکہ ریجن کے ایک اسٹیڈیم میں فٹبال میچ کے دوران ایک شخص کورونا ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسٹیڈیم میں داخل ہوا اور خلاف ورزی کی وڈیو بنانے کے بعد اسے سوشل میڈیا پر بھی اپ لوڈ کردی جس پرپولیس نے وزارت کھیل سے رابطہ کرکے ملزم کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کرنے کے بعداسے حراست میں لے لیا۔
خیال رہے مملکت میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنا سنگین جرم ہے اس حوالے سے کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جاتی ۔
عوامی مقامات پر ماسک کے بغیر جانے پر ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیاجاتا ہے۔ ماسک درست طورپر نہ پہننا بھی خلاف ورزی شمار کی جاتی ہے۔