Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مزید گیارہ مساجد بند، تین ہزار مساجد کی سینیٹائزنگ کے لیے معاہدہ

سعودی عرب میں وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے مملکت کے 7 علاقوں میں گیارہ نمازیوں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے پر گیارہ مساجد عارضی طور پر بند کی ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 36 روز کے دوران مملکت بھر میں 286 مساجد بند کی جاچکی ہیں جن میں سے 273 کو سینیٹائزنگ اور حفظان صحت کے انتظامات مکمل ہونے پردوبارہ کھولا گیا ہے۔
وزارت اسلامی امور نے بیان میں بتایا کہ ریاض ریجن کی دو، الجوف میں تین، قصیم میں دو، مکہ مکرمہ  ریجن، حدود شمالیہ ریجن، حائل ریجن اور عسیر ریجن میں ایک، ایک مسجد عارضی طور پر بند کی گئی ہے۔  
بیان میں مزید کہا گیا کہ  پیر کو تین مساجد بحال کی گئیں ان میں سے دو کا تعلق ریاض اور ایک کا حدود شمالیہ ریجن سے ہے۔  
علاوہ ازیں وزارت اسلامی امور نے ریاض میں ’مآذن فلاحی سوسائٹی‘ کے ساتھ  3 ہزار مساجد کی سینیٹائزنگ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
وزارت کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل شیخ احمد الفارس اور سوسائٹی کی طرف سے ڈپٹی چیئرمین شیخ خالد النشوان نے دستخط کیے۔

 مساجد کی سینیٹائزنگ کا کام 2021 کے دوران کیا جائے گا۔ (فوٹو سبق)

یادداشت کے بموجب پہلے مرحلے میں مآذن سوسائٹی ریاض شہر اور ریجن کی تین ہزار مساجد کی سینیٹائزنگ کرے گی اور یہ کام 2021 کے دوران انجام دیا جائے گا۔ 
یاد رہے کہ مآذن سوسائٹی مساجد کی نگہداشت، اصلاح و مرمت، صفائی اور قالین وغیرہ کی فراہمی کےلیے کام کرتی ہے۔  

شیئر: