وزارت اسلامی امور نے اذان اور تکبیر کا دورانیہ دس منٹ مقرر کردیا
جمعرات 4 فروری 2021 18:25
جمعے کی نماز خطبے کے ساتھ پندرہ منٹ سے زیادہ نہ ہو- (فوٹو اخبار 24)
وزیر اسلامی امور و دعوت و رہنمائی ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے کورونا وبا سے نمٹنے کے سرکاری مشن میں تعاون کرتے ہوئے مساجد میں تمام دعوتی سرگرمیاں معطل کردیں اور آئندہ سارے دعوتی پروگرام آن لائن چلانے کا حکم دے دیا- جبکہ نمازوں کے اوقات اور مساجد کھولنے اور بند کرنے کے حوالے سے متعدد پابندیاں لگادیں-
اخبار 24 کے مطابق وزیر اسلامی امور نے پابندی لگائی ہے کہ اذان اورتکبیر کے درمیان کا وقفہ دس منٹ سے زیادہ کا نہ ہو- البتہ فجر میں نماز اور اذان کا وقفہ بیس منٹ تک کا رہے گا-
دوسری ہدایت یہ ہے کہ مساجد اذان پر کھلیں گیں اور نماز کے دس منٹ بعد بند کردی جائیں گی-
جمعے کی نماز کے لیے جامع مساجد اذان سے 30 منٹ پہلے کھولی جائیں گی اور نماز کے پندرہ منٹ بعد بند کردی جائیں گی- جمعے کے خطبات نماز سمیت 15 منٹ سے زیادہ نہیں ہوں گے- تمام خطیبوں کو اس کی تاکید کردی گئی ہے-
آل الشیخ نے زور دے کر کہا ہے کہ تمام مساجد کے منتظمین کورونا وبا سے متعلق سابقہ ہدایات کی پابندی کرائیں- مثلا ہر نمازی جا نماز اپنے ہمراہ لائیں اور حفاظتی ماسک پہنیں اور ایک نمازی سے دوسرے کے درمیان ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ رکھا جائے-
وزیر اسلامی امور نے مساجد، وضو خانوں اور طہارت خانوں کی سینٹائزنگ کا کام ہنگامی بنیادوں پر بڑھانے کا حکم بھی جاری کردیا- وزیر اسلامی امور نے مساجد میں صاف ستھری ہوا کا دھیان رکھنے کی بھی تاکید کی ہے-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں