التخیفی، ریاض بجلی کمپنی کے اولین ملازم
’سب سے پہلی تنخواہ جو انہوں نے حاصل کی وہ 140 ریال تھی‘ فوٹو: اخبار 24)
ریاض میں بجلی کمپنی کی بنیاد 1371 میں رکھی گئی، اس وقت سب سے پہلے ملازم محمد بن سلمان بن راشد التخیفی تھے جن کی اس وقت عمر 19 سال تھی۔
اخبار 24 کے مطابق التخیفی نے 18 ذو القعدہ 1371 میں جب ملازمت شروع کی تو ریاض میں دو ہی کمپنیاں تھیں، ایک بجلی کمپنی اور دوسری آرامکو کمپنی۔
التخیفی نے یہاں اکاؤنٹٹ کی ملازمت شروع کی، پہلے انہیں کمپنی کے شیئرز فروخت کرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی ۔ان کے ساتھ صرف 3 ملازمین تھے۔
سب سے پہلی تنخواہ جو انہوں نے حاصل کی وہ 140 ریال تھی، وہ صبح 6 بجے سے دوپہر 12 بجے تک، پھر دوپہر 3 بجے سے شام 6 بجے تک کام کرتے تھے۔
ملازمت کے دوران ان کے ساتھ کئی اہم واقعات ہوئے جن میں ایک یہ ہے کہ کمپنی نے تمام ملازمین کو 40 سے 50 ریال بونس دینے کا فیصلہ کیا مگر انہیں صرف 10 ریال دیئے گیے۔ اس پر وہ بہت ناراض ہوئے تھے۔
وہ کمپنی میں 33 سال تک کام کرتے رہے، کئی اہم عہدوں پر فائز رہے ۔ کام کے دوران کبھی چھٹی نہیں لی، اپنے کام سے بہت شغف تھا۔
انہوں نے پرانے زمانے کی چیزیں یاد گار کے طور پر رکھی ہوئی تھیں جن میں سے وہ تجوری اور الماری بھی ہے جس میں وہ کمپنی کے شیئرز کی رقم رکھا کرتے تھے۔