سعودیوں کے نام پر کھانے فروخت کرنے والے غیر ملکیوں پر جرمانے
سعودیوں کے نام پر کھانے فروخت کرنے والے غیر ملکیوں پر جرمانے
بدھ 17 مارچ 2021 18:47
طائف کی بلدیاتی کونسل نے اطلاع منلے پر کارروائی کی ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں طائف میونسپلٹی نے چھاپہ مہم کے دوران اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ ’غیرملکی کارکن حفظان صحت کے ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مختلف اقسام کے کھانے تیار کررہے تھے اور یہ کھانے مخصوص سعودی خاندانوں کے نام سے فروخت کیے جا رہے تھے۔‘
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی حکومت نے ضرورت مند خاندانوں کو گھروں میں کھانے پینے کی اشیا اور دستی مصنوعات تیار کرنے کی اجازت دے رکھی ہے۔
اس کا ایک مقصد دستی مصنوعات کے ہنر کو فروغ دینا اور اس سے بڑا مقصد کمزور خاندانوں کو بھاری لاگت کے بغیر اپنا کاروبار گھروں سے چلانے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
شمالی طائف کی بلدیاتی کونسل کے افسران کو رپورٹ ملی تھی کہ کئی غیرملکی کارکن غیرقانونی طور پر اپنے گھر پر کھانے تیار کرکے سعودی خاندانوں کے نام سے فروخت کررہے ہیں۔
چھاپہ مہم سے اس کی تصدیق ہوگئی جبکہ یہ بات بھی ریکارڈ پر آئی کہ غیرملکی حفظان صحت کے ضوابط کی خلاف ورزی کرکے کھانے تیار کررہے تھے اور اس سلسلے میں کورونا ایس او پیز کی پابندی بھی نہیں کی جا رہی تھی۔
طائف میونسپلٹی نے بتایا کہ غیرقانونی سرگرمی پر تارکین وطن پر جرمانے عائد کر دیے گئے اور انہیں سزا دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔