Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران جوہری معاملات کو مزید پیچیدہ نہ بنائے: صدر ایمانویل میکخواں

عالمی براداری نے ایران کی جانب سے جوہری معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
فرانس کے صدر ایمانویل میکخواں نے ایران سے کہا ہے کہ وہ جوہری معاہدے کی مزید خلاف ورزی کر کے معاملے کو پیچیدہ نہ بنائے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق صدر ایمانویل میکخواں نے اسرائیلی صدر کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کے باعث معاملہ پہلے ہی سنجیدہ ہے، جوہری معاملات مزید خراب نہ کرے۔
فرانسیسی صدر نے جمعرات کے روز کہا کہ ایران توقع کے مطابق ذمہ دارانہ رویہ اپنائے۔
صدر ایمانیول میکخواں نے مزید کہا کہ مسئلے کو حل کرنے کے لیے فرانس ایک مرتبہ پھر قابل اعتبار عمل کے آغاز کے لیے تیار ہے، جس کے تحت ایران کے جوہری پروگرام کی نگرانی کی جائے گی اور ایران کی خطے میں بیلسٹک میزائل حملوں کی کارروائیوں پر بھی قابو پایا جائے گا۔
امریکی صدر جو بائیڈن ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ بحال کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں، جس سے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ 2018 میں دستبردار ہو گئے تھے۔
تاہم امریکہ میں نئی حکومت آنے کے بعد بھی ایران کے ساتھ جوہری معاہدے پر فی الحال کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی ہے۔
جو بائیڈن کی حکومت ایران کو خبردار کر چکی ہے کہ جوہری معاہدے کی بحال اور مالی پابندیاں اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ ایران معاہدے کی مکمل پابندی کرے۔

شیئر: