’مملکت میں ری سائیکلنگ سیکٹر کی مالیت 70 ارب ریال‘
مملکت میں 45 ملین ٹن فضلہ پیدا ہوتا ہے(فائل فوٹو روئٹرز)
سعودی عرب کی سب سے بڑی ری سائیکلنگ کمپنی کے سی ای او نے کہا ہے کہ مملکت میں ری سائیکلنگ کی سطح کم ہونا ایک کھویا ہوا موقع ہے جس کی مالیت 70 ارب سعودی ریال (18.7 بلین ڈالر) ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی انویسٹمنٹ ری سائیکلنگ کمپنی (ایس آئی آر سی) کے سی ای او زیاد الشیحہ نے الاقتصادية اخبار کو بتایا کہ سعودی عرب فی الوقت اپنے ایک فیصد سے بھی کم فضلے کی ری سائیکلنگ کرتا ہے۔
ایس آئی آر سی مملکت کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کا ایک یونٹ ہے۔
مملکت میں 45 ملین ٹن فضلہ پیدا ہوتا ہے جس میں سے نصف ڈیمولیشن اور تعمیراتی منصوبوں سے ہوتا ہے جو میونسپلٹیوں کا ایک چوتھائی ہے جس کا باقی حصہ میڈیکل اور صنعتی فضلے سے ہوتا ہے۔
زیاد الشیحہ نے وضاحت کی کہ تعمیراتی فضلہ پیس کر دوبارہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے ایک موثر ری سائیکلنگ صنعت کو فروغ دینے کی کوششوں میں پہلا قدم کے طور پر گھریلو فضلے کو الگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
یہ کمپنی وزارت ماحولیات، پانی اور زراعت، فضلے کے کنٹرول کے قومی مرکز اور دیگر اداروں کے ساتھ شراکت قائم کرنے کے عمل میں ہے جو ری سائیکلنگ کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے ممکنہ قواعد وضع کرے گی۔
سعودی عرب فی الوقت صرف 4 بلین سعودی ریال فضلے کو جمع کرنے پر خرچ کرتا ہے۔
سعودی انویسٹمنٹ ری سائیکلنگ کمپنی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے ذریعے سعودی وژن 2030 کے ماحولیاتی استحکام کےاہداف کی سپورٹ کے لیے قائم کی گئی تھی۔