اقامے کی فیس، پروفیشن ٹیسٹ اور حج کے نئے ضوابط سمیت گذشتہ ہفتے سعودی عرب میں کیا ہوا؟
اقامے کی فیس، پروفیشن ٹیسٹ اور حج کے نئے ضوابط سمیت گذشتہ ہفتے سعودی عرب میں کیا ہوا؟
اتوار 21 مارچ 2021 0:12
سعودی عرب میں گذشتہ ہفتے کئی اہم واقعات رونما ہوئے اور کئی اہم خبریں قارئین کی دلچسپی کا مرکز بنی۔ جس میں قانون محنت میں تاریخی اصلاحات کے نئے دور کا آغاز، ڈیجیٹل آئی ڈی کارڈ کا آغاز ہوا۔
اس کے علاوہ ریاض آئل ریفائنری پر حملہ کوبزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئےعالمی برادری نے سعودی عرب سے اظہار یکجہتی کیا۔ وزیر صحت نے کورونا ویکسین لگوانے کی اپیل کی اور حج کے ضوابط جاری کیے گئے۔
ریاض آئل ریفائنری پر حملہ ’بزدلانہ کارروائی‘، عالمی برادری کا اظہار یکجہتی
سعودی عرب میں ریاض آئل ریفائنری پر حوثیوں کے حملے کی عالمی برادری، اوآئی سی، جی سی سی اور عرب ملکوں نے شدید مذمت کی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے، العربیہ کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے بیان میں کہاکہ حوثیوں کا یہ حملہ دہشتگردانہ عمل اور بزدلانہ تخریبی کارروائی ہے۔
سعودی عرب میں غیرملکی ملازمین کے لیے ڈیجیٹل آئی ڈی کارڈ کا آغاز
سعودی حکام نے غیرملکی ملازمین کے لیے رہائشی شناختی کارڈ کے ڈیجیٹل ورژن کا آغاز کر دیا ہے۔
جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس نے یہ ڈیجیٹل ورژن ابشر ایپ پر لانچ کیا ہے۔
وزرات داخلہ کا ابشر ایپ متعارف کروانے کا مقصد پیداواری صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور سرکاری محکموں میں کام کے زیادہ موثر طریقوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ صارفین کو سہولت بھی فراہم کرنا ہے۔
ملازمت کے نئے معاہدے میں اقامے کی فیس کس کے ذمہ ہے؟
وزارت افرادی قوت کی جانب سے بتایا گیا کہ ’محنت کے قانون کی شق 40 کے تحت آجر اس امر کا ذمہ دار ہے کہ وہ کارکن کے اقامہ کی فیس اور اس حوالے سے عائد جرمانے ادا کرے‘۔
’ویکسین سے خون میں لوتھڑے بننے کی کوئی شکایت نہیں ملی‘
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایس ایف ڈی اے ) نے کہا ہے کہ اسے کورونا ویکسین لینے والوں سے انجماد خون یا خون میں لوتھڑے بننے کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔
ایک بیان میں اتھارٹی نے کہا کہ مملکت بھر میں اب تک 23 لاکھ سے زیادہ افراد کو کورونا ویکسین دی جاچکی ہے۔
حج کے ضوابط جاری،بیرون ملک کے عازمین مقررہ ویکسین لگوائیں
وزارت صحت نے امسال اندرون ملک اور بیرون مملکت سے فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے آنے والوں کے لیے منظورشدہ کورونا ویکسین کی شرط عائد کردی ہے۔ ویکسین ذوالحجہ سے قبل لگوانی لازمی ہو گی۔
ویب نیوز ’عاجل ‘ نے اپنے ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ امسال حج 1442 ہجری بمطابق 2021 کے لیے وزارت صحت کی جانب سے مقرر کیے جانے والے ضوابط میں کہا گیا ہے کہ اندرون مملکت سے جو حج کے لیے جانا چاہتے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ ذوالحجہ سے قبل کورونا ویکسینیشن کا کورس مکمل کرلیں۔
سعودی عرب میں تعلیم کا معیار بلند کرنے کے لیے سکولوں میں پروفیشنل ٹیچرز کے تقرر کی مہم چلائی جا رہی ہے۔
ٹیچنگ پروفیشن ایجوکیشن کورس بنائے گئے ہیں اور ٹیچرز کے تقرر کے لیے ضروری قرار دیا گیا ہے کہ ٹیچرز ٹیچنگ پروفیشن ایجوکیشن ٹیسٹ دیں۔ یہ پابندی پہلے سے موجود ٹیچرز پر بھی لاگو کی جا رہی ہے۔
سعودی عرب کے سرکاری اعدا د و شمار کے مطابق سعودی عرب کی افراط زر کی شرح فروری میں معمولی حد سے کم ہو کر 5.2 فیصد ہوگئی جو پچھلے مہینے میں 5.7 فیصد تھی لیکن جولائی میں لگاتار آٹھویں مہینے میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں تین گنا اضافہ دیکھنے میں آیا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے کہا ہے کہ قیمتوں میں اضافے سے خوراک اور مشروبات میں اضافہ ہوا اور ان کی قیمتوں میں سب سے زیادہ 11.2 فیصد سالانہ اضافہ ریکارڈ ہوا۔
سعودی سٹینڈرڈ آرگنائزیشن نے جون 2020 کے دوران الیکٹرک کاریں کاروبار کے لیے درآمد کرنے کی اجازت دی تھی۔ الیکٹرک کار بیٹری سے چلتی ہے اور خودکار سسٹم کے تحت چارج ہوتی ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق دہرے سسٹم والی الیکٹرک کاریں بھی ہیں۔ ان میں الیکٹرک چارجنگ سسٹم بھی ہوتا ہے اور پٹرول کے ذریعے بھی یہ کاریں چلتی ہیں-۔ فی الوقت اس قسم کی کاریں سعودی عرب میں نہیں ہیں۔ الیکٹرک کاروں کی تیسری قسم وہ ہے جو مکمل طور پر بیٹری سے چلتی ہے اور الیکٹرک چارجر کے ذریعے چارج ہوتی ہے۔
سعودی عرب اور امریکہ نے جمعرات کو (فالکن کلاز 3) 2021 کے عنوان سے بری فوجی مشقیں شروع کی ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق ان مشقوں کا مقصد سعودی عرب اور امریکہ کے دو طرفہ عسکری تعلقات کو مضبوط بنانا، دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان مشقوں کے ذریعے عسکری تصورات میں یکجہتی پیدا کرنا اور فوجی معلومات اور تجربات کا تبادلہ کرنا ہے۔