Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قرنطینہ میں’خان صاحب اپنا معمول کا دفتری کام کر رہے ہیں‘

سنیچر کو وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا (پی ایم ہاؤس)
کورونا وائرس کا شکار پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی صحت بہتر ہیں۔ 
پیر کو شہباز گل نے عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’خان صاحب کی آج کی تصویر۔ خان صاحب آج اپنا معمول کا دفتری کام کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے عمران خان کی صحت کے حوالے سے کہا کہ ’اللہ کا شکر ہے آپکی دعاؤں سے وہ آرام سے ہیں۔ آپ سب کی دعاؤں اور نیک تمناؤں کا شکریہ۔‘
خیال رہے کہ سنیچر کو وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد وہ قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔
اس سے قبل عمران خان نے ترکی کے مشہور صوفی مولانا روم کا ایک قول شیئر کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’ایک حقیقتاً آزاد اور امیر انسان وہ ہے جس کی روح کی کوئی قیمت نہیں ہوتی اور وہ کسی بھی مادی قیمت سے بالاتر ہوتی ہے۔ یہ پاکستان کے نوجوانوں کے لیے وقف ہے۔‘
وزیراعظم کی جانب سے مولانا رومی کا جو قول شیئر کیا گیا اس میں لکھا تھا کہ ’کسی بھی چیز کے بدلے اپنی روح کا سودا نہ کرو۔ یہ واحد چیز ہے جو تم دنیا میں لاتے ہوں اور صرف یہ ہی چیز تم واپس لے جاؤ گے۔‘
عمران خان کے اس ٹویٹ کو جہاں بہت سے صارفین نے سراہا اور انہیں جلد صحت یابی کی دعا دی وہی کچھ نے نوجوانوں کے مسائل کے حوالے سے شکوہ بھی کیا۔
کشف نور نامی ایک صاعف نے لکھا کہ ’شکریہ خان صاحب، شکریہ نوجوانوں کو ان کی شناخت بتانے، ان کی حوصلہ افزائی کرنے اور امید دینے کے لیے۔ اللہ تعالیٰ جلد آپ کو صحت یاب کریں، قوم کو اس کڑے وقت میں آپ کی ضرورت ہے۔‘

شوکت زمان تنولی نامی ایک اور صارف نے کہا کہ ’ خان صاحب ایک چھوٹی سے ویڈیو کے ذریعے اپنے لوگوں کو اپنی صحت کے بارے میں آگاہ کرتے رہے، تمام لوگ آپ کی خیریت جاننا چاہتے ہیں۔‘
تاہم نمز نامی ایک صارف نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ’سر نوجوانوں کو کسی لگن کی نہیں بلکہ انصاف کی ضرورت ہے۔ پچھلے ایک سال سے خوار ہو رہے ہیں لیکن ابھی تک ایف آئی اے نے ہماری جوائنگ نہیں لی‘

انہوں نے وزیراعظم سے شکوہ کرتے ہوئے کہا ’آپ کو سب معلوم ہے لیکن کوئی ایکشن نہیں لے رہے۔ اگر آپ نوجوانوں کے مسائل کو سنجیدہ نہیں لیں گے تو کون لے گا۔

شیئر: