Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مودی کی ٹویٹ: عمران خان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’وزیراعظم کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں‘ (فوٹو: پی ایم آفس)
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل نے سنیچر کو ایک ٹویٹ میں بتایا کہ ’وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور انہوں نے خود کو گھر میں آئسولیٹ کر لیا ہے۔‘
وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری نے سنیچر کو ایک ٹوئٹر بیان میں خاتونِ اول کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی۔
 
انہوں نے وزیراعظم اور ان کی اہلیہ کی جلد صحت یابی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ ’ویکسین لگوانے سے قبل ہی وزیراعظم کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکے تھے۔‘
دوسری جانب انڈین وزیر اعظم نریندر مودی نے عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر دیا۔
سنیچر کو پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبر سامنے آنے کے بعد نریندر مودی نے ٹوئٹر پر لکھا۔۔۔ ’وزیر اعظم  عمران خان کی کورونا وائرس سے جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات۔‘
واضح رہے کہ گذشتہ جمعرات کو وزیراعظم عمران خان نے کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لگوائی تھی۔
وزیراعظم نے اس موقع پر قوم سے اپیل کی کہ ’کورونا کی تیسری لہر کے پیش نظر ایس اوپیز پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔‘
اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی امور شہباز گِل نے بتایا ہے کہ ’وزیراعظم صاحب کا کورونا کا ٹیسٹ آج ہی کیا گیا ہے۔‘ 
براہ مہربانی اس کو کورونا ویکسین کے ساتھ لنک مت کریں۔ ویکسین لگنے کے کچھ ہفتے کے بعد قوت مدافعت پیدا ہوتی ہے۔  اپنے بزرگوں اور پیاروں کو ویکسین ضرور لگوائیں۔ احتیاط کریں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گِل نے ایک ٹویٹ میں سوشل میڈیا پر ہونے والی ان قیاس آرائیوں کو سختی سے مسترد کیا ہے جس میں ویکسین کے بارے میں سوالات کیے جا رہے تھے۔
شہباز گِل نے اپنی ٹویٹ میں عوام سے اپیل کی کہ ’براہ مہربانی اس کو کورونا ویکسین کے ساتھ مت جوڑیں۔ ویکسین لگوانے کے چند ہفتے بعد جسم میں قوتِ مدافعت پیدا ہوتی ہے۔ اپنے بزرگوں اور پیاروں کو ویکسین ضرور لگوائیں۔  احتیاط کریں۔‘
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ وہ ’وزیراعظم کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح اور کیسز میں حالیہ اضافہ تشویشناک ہے اور ہمیں سب کو محتاط رہنے اور ایس او پیز پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔‘
واضح رہے کہ صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر تعلیم شفقت محمود بھی کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوا چکے ہیں۔ 
وزیراعظم آفس کے مطابق ’ملک بھر میں کورونا ویکسین لگانے کی مہم جاری ہے اور پہلے مرحلے میں 60 سال سے زائد عمر کے افراد اور فرنٹ لائن ورکرز کو کورونا ویکسین لگائی جا رہی ہے۔‘
سنیچر کو ہی وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے مطابق ’ملک میں مثبت کیسز کی شرح 4.5 سے 9.5 تک پہنچ چکی ہے۔‘
سنیچر کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ’لاہور سمیت پنجاب کے دوسرے شہروں میں وائرس کا پھیلاؤ زیادہ ہے جبکہ اسلام آباد اور پشاور میں بھی کیسز مسلسل بڑھ رہے ہیں۔‘
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کورونا کی صورت حال کے حوالے سے بتایا کہ ’کیسز بڑھنے سے صحت کے نظام پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔‘
انہوں نے جہاں عوام کی جانب سے احتیاط نہ کیے جانے کی طرف اشارہ کیا وہیں یہ بھی کہا کہ ’بدقسمتی سے انتظامی ایکشن بھی کمزور نظر آ رہا ہے۔‘

شیئر: