’قصر الحضارات‘ میں نوادر اور ہزاروں قلمی نسخے محفوظ
’قصر الحضارات‘ میں نوادر اور ہزاروں قلمی نسخے محفوظ
منگل 23 مارچ 2021 5:28
قصر 350 ستونوں اور7 گنبدوں پر مشتمل ہے (فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب کے عسیر ریجن میں النماص کمشنری کے باشندے ایک محل کو دو ناموں سے یاد کرتے ہیں۔
بعض لوگ اسے ’قصر الحضارات‘ (تمدنوں کا محل) اور کچھ لوگ اسے ’القصر الفلکی‘ (فلکیاتی محل) کا نام دیے ہوئے ہیں۔ یہ السروات پہاڑوں کی چوٹی پر واقع تاریخی قریہ ہے۔ یہاں سینکڑوں برس پرانے نوادر اور ہزاروں قلمی نسخے محفوظ ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق القصر الفلکی 350 ستونوں اور 7 گنبدوں پر مشتمل ہے۔ اسے دنیا کے 7 براعظموں کا مجموعہ کہہ سکتے ہیں۔ یہاں 2 لاکھ سے زیادہ بین الاقوامی قلمی نسخے ہیں۔
القصر الفلکی کے مالک محمد المقل نے بتایا کہ محل کی تیاری میں چالیس برس سے زیادہ لگ گئے۔
اسے قصر فلکی اس لیے کہتے ہیں کیونکہ اس کا ڈیزائن سورج، چاند، ستاروں اور سیاروں کی مکمل گردش کا احاطہ کرکے منفرد انداز میں تیار کیا گیا ہے۔ اس کے 350 ستون ہجری سال کے دنوں کی تعداد کو مدنظر رکھ کر بنائے گئے ہیں جبکہ اس کے سات گنبد دنیا کے 7 براعظموں کا پتہ دیتے ہیں۔
محمد المقل نے بتایا کہ یہ پوری دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا محل ہے۔ یہ نایاب اسلامی پھول پتیوں کی دس لاکھ سے زیادہ شکلوں کا گلدستہ ہے۔ یہاں اہل سعودی عرب کے زیر استعمال روزمرہ کی اشیا اور تاریخی نوادر سینکڑوں کی تعداد میں ہیں۔