مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کورونا کا شکار، خود کو آئسولیٹ کر لیا
عامر خان کی نئی آنے والی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ ہے (فوٹو: انادولو)
بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔
انڈین اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق عامر خان کے ترجمان نے بدھ کو ایک بیان میں ان کے کورونا مثبت ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ’انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔‘
بیان کے مطابق ’عامر خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ انہوں نے تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے اور وہ ٹھیک ہیں۔‘
بیان میں عامر خان کے ساتھ رابطے میں رہنے والوں سے درخواست کی گئی ہے کہ ’حال ہی میں وہ تمام افراد جو ان کے ساتھ رابطے میں رہے ہیں احتیاطی تدبیر کے طور پر اپنا کورونا ٹیسٹ کروائیں۔ تمام لوگوں کی نیک تمناؤں اور تشویش کے اظہار کا شکریہ۔‘
خیال رہے کہ بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ نے گذشتہ ہفتے سوشل میڈیا چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے اپنے یوم پیدائش کے ایک دن بعد ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں اپنی 56 ویں سالگرہ کے موقع پر مداحوں کی جانب سے بھیجی گئی مبارک باد اور نیک تمناؤں پر شکریہ ادا کیا تھا۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ ’ایک اور خبر ہے اور وہ یہ ہے کہ یہ میری سوشل میڈیا پر آخری پوسٹ ہے۔‘
عامر خان کا کہنا تھا کہ ’وہ سوشل میڈیا پر بہت سرگرم تھے لیکن اب انہوں نے یہ دکھاوا چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
عامر خان نے حال ہی میں ایک فلم میں ’ہر فن مولا‘ گانے کے ساتھ بطور مہمان اداکار شوٹنگ کروائی ہے۔
ان کی نئی آنے والی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ ہے جس میں ان کے ساتھ اداکارہ کرینہ کپور بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی۔
مسٹر پرفیکشنسٹ سے قبل حال ہی میں بالی وڈ ہیرو رنبیر کپور، منوج باجپائی اور کارتک آریان بھی کورونا کا شکار ہوئے ہیں۔