سعودی ہیومن ریسورسز ڈیولپمنٹ فنڈ کا تربیتی پروگرام
پروگرام کے تحت دو ہزار سعودی ریال وظیفہ دیا جاتا ہے( فوٹو الاقتصادیہ)
سعودی ہیومن ریسورسز ڈیولپمنٹ فنڈ (ھدف) نے کہا ہے کہ ’تمھیر پروگرام‘ میں ایسے افراد شامل ہوں گے جن کے ڈپلومے انسٹی ٹیوٹس اور ٹیکنیکل، ہیلتھ اور ایڈمنسٹریشن کالجوں کے ہوں گے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ڈپلومے کے ساتھ فارغ التحصیل افراد کو ملازمت کے دوران تربیتی پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔
تمھیر پروگرام میں یہ نیا اضافہ تربیت حاصل کرنے والوں کو ملازمت کی مارکیٹ کے لیے درکار مہارت اور تجربات دینے کے ساتھ ساتھ ٹرینیز کی ملازمت کی شرح میں اضافہ کامیاب پروگرام کی شراکت کا نتیجہ ہے۔
پروگرام کے سابقہ مرحلے میں سعودی یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل طلبا اور بیچلر ڈگری یا اس سے اوپر کے بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والے افراد شامل تھے۔
اس کا مقصد فارغ التحصیل افراد کی مہارت کے مطابق انہیں ورک سائٹس پرعملی تربیت کے ذریعے لیبر مارکیٹ کے لیے درکار مہارت مہیا کرنا تھا۔
اس پروگرام کے تحت دو ہزار سعودی ریال (520 ڈالر) کا وظیفہ دیا جاتا ہے جو تکینکی،صحت یا انتظامی اداروں سے ڈپلوما یا ڈگری رکھنے والے ٹرینیز کو ملے گا جبکہ بیچلر ڈگری رکھنے والوں کو تین ہزار سعودی ریال کا وظیفہ دیا جائے گا۔
ٹرینیز تربیت کی تکمیل کے بعد تجربہ سرٹیفکیٹ بھی حاصل کریں گے جو ملازمت کی مارکیٹ میں ان کے امکانات کو بہتر بنائے گا۔ تربیت کی مدت تین سے چھ ماہ کے درمیان ہے۔
پروگرام میں دلچسپی رکھنے والے افراد کو قومی لیبر پورٹل کے ذریعے اندراج کرنا چاہیے اور تمھیر آئیکن کا انتخاب کرنا چاہیے۔