سعودی شہریوں اور غیرملکیوں میں بے روزگاری کی مجموعی شرح کم ہوگئی
محکمہ شماریات نے جمعے کو تیسری سہ ماہی رپورٹ جاری کی ہے( فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں شہریوں اور غیرملکیوں میں بے روزگاری کی مجموعی شرح 8.5 فیصد تک کم ہوئی ہے۔
سعودی محکمہ شماریات نے جمعے کو 2020 کی تیسری سہ ماہی سے متعلق رپورٹ اپنی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ 2020 کی تیسری سہ ماہی کے دوران سعودی شہریوں میں بے روزگاری کی شرح کم ہوکر14.9 فیصد رہ گئی جبکہ سعودیوں اور غیرملکیوں میں بے روزگاری کی مجموعی شرح کم ہوکر 8.5 فیصد ہوگئی۔
محکمہ شماریات نے بتایا کہ 2019 کی تیسری سہ ماہی کے مقابلے میں 2020 کی تیسری سہ ماہی کے دوران سعودیوں میں بے روزگاری کی شرح 2.9 فیصد بڑھ گئی جبکہ اس عرصے کے دوران سعودیوں اور مقیم غیرملکیوں میں روزگار کی مجموعی شرح 2020 کی تیسری سہ ماہی کے دوران بڑھ کر 59.5 فیصد تک پہنچ گئی۔
یاد رہے کہ سعودی محکمہ شماریات ہر تین ماہ پر سعودی مارکیٹ سے متعلق اعدادوشمار جاری کرتا ہے۔
محکمہ معلومات کے سلسلے میں دو ذرائع پر انحصار کیے ہوئے ہے۔ سماجی اعدادوشمار کے عنوان سے خاندانوں کے بارے میں جائزے جبکہ متعلقہ سرکاری اداروں میں درج معلومات اور اعدادوشمار پر انحصار کیا جاتا ہے۔