گہری اور بھر پور نیند کے لیے آرام دہ طریقہ کیا ہے؟
گہری اور بھر پور نیند کے لیے آرام دہ طریقہ کیا ہے؟
ہفتہ 27 مارچ 2021 5:42
سوتے وقت دائیں پہلو کی طرف کروٹ لی جائے۔ (فوٹو: الرجل میگزین)
بیشتر لوگ گہری نیند کا مزہ لینے کے لیے اپنے انداز سے بستر پر لیٹتے ہیں۔ بعض کا طریقہ مثالی اور کئی کا مضر صحت ہوتا ہے۔
غلط طریقے سے لیٹنے پر جسم کے مختلف حصوں میں درد اٹھنے لگتا ہے اور غلط طریقے سے سونا صحت مسائل کا باعث بن جاتا ہے۔ کبھی کبھار اس کا نتیجہ دل کی تکلیف اور تنفس کے نظام میں خرابی کی صورت میں نکلتا ہے۔
الرجل میگزین نے مثالی طریقہ دریافت کرنے کے لیے ماہر ڈاکٹروں سے رجوع کیا اور اس حوالے سے خصوصی رپورٹ تیار کی ہے۔
ماہرین اعصاب کا مشورہ ہے کہ سوتے وقت دائیں پہلو کی طرف کروٹ لی جائے۔ دونوں ٹانگوں اور بازوؤں میں معمولی سا فاصلہ رکھا جائے۔
سونے کا یہ طریقہ آرام دہ بھی ہے اور مثالی بھی۔ اس طرح سونے سے دل اور پھیپھڑوں پر براہ راست دباؤ سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔
روسی ڈاکٹر یوگینی سوکوف نے خبردار کیا ہے کہ پیٹ کے بل لیٹنا صحت کے لیے ٹھیک نہیں۔ اس انداز سے لیٹنے سے گردن کی رگوں اور شریانوں پر برا اثر پڑتا ہے۔ نقصان اس وقت زیادہ بڑھ جاتا ہے جب سونے والا شخص ایک پہلو کی طرف مڑتا ہے۔
روسی ڈاکٹر کا مشورہ ہے کہ کمر کے بل لیٹنے سے بھی پرہیز کیا جائے جو لوگ اس انداز سے سوتے ہیں ان کی زبان گلے کے آخر تک پھیل جاتی ہے جس سے طبعی شکل میں سانس لینے میں زحمت ہوتی ہے۔ اس سے صحت کو نقصان ہوتا ہے جبکہ اس سے ٹانگوں اور بازوؤں میں درد ہونے لگتا ہے۔