یمنی صدر سے اقوام متحدہ اور امریکہ کے ایلچی برائے یمن کی ملاقات
حوثیوں کے حملوں سے یہ و اضح ہوگیا ہے کہ وہ قیام امن کا ارادہ نہیں رکھتے۔(فوٹو العربیہ)
یمنی صدر عبدربہ منصور ھادی سے اقوام متحدہ اور امریکہ کے ایلچی برائے یمن نے ملاقات کی ہے۔ یمن میں حالیہ پیش رفت اور سعودی امن اقدام کے تناظر میں چھ سال سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر یمنی صدر نے کہا ہے کہ یمنی عوام اپنے یہاں ایرانی تجربہ دہرانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ یمن میں ایرانی تجربے کی ’کلوننگ‘ عوام کے لیے ناقابل قبول ہوگی۔
العربیہ نیٹ کے مطابق یمنی صدر نے اقوام متحدہ کے ایلچی برائے یمن مارٹن گریوٹ سے کہا کہ مارب میں حوثیوں کی جانب سے حملوں سے یہ و اضح ہوگیا ہے کہ وہ قیام امن کا ارادہ نہیں رکھتے۔
علاوہ ازیں امریکی ایلچی برائے یمن نے امید ظاہر کی ہے کہ سعودی امن فارمولا یمن میں بحران کے خاتمے میں کامیاب ہوجائے گا۔
امریکی ایلچی نے مزید کہا کہ بین الاقوامی راہداریوں کا تحفظ اور خطے میں مداخلت بند کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسداد دہشتگردی کے لیے سٹراٹیجک تعلقات مضبوط کرنا ہوں گے۔
یاد رہے کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے 22 مارچ کو یمن میں جنگ بند کرانے کے لیے نیا امن منصوبہ پیش کیا تھا۔ جس کے تحت پورے ملک میں جنگ بندی کی بات کہی گئی تھی۔ سعودی امن منصوبے کی حمایت عربوں سمیت دنیا بھر کے ممالک نے کی ہوئی ہے۔