Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمضان میں مساجد ایس او پیز کے ساتھ کھلی رہیں گی: وزیر مذہبی امور

نور الحق قادری کے مطابق گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی پورے رمضان میں ایس او پیز کے ساتھ مساجد کھلی رہیں گی۔ (فوٹو: اے پی پی)
وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی پورے رمضان میں کورونا ایس او پیز کے ساتھ مساجد کھلی رہیں گی۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری وزارت کے زیر اہتمام فیصل مسجد میں منعقدہ قومی حفظ و قرآت مقابلے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
پیر نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک اور قرآن کا آپس میں خاص تعلق ہے۔ گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی پورے رمضان میں ایس او پیز کے ساتھ مساجد کھلی رہیں گی۔‘

 

ان کے مطابق گزشتہ سال کورونا ایس او پیز پر سب سے زیادہ عملدرآمد مساجد میں ہوا۔ ’اس دفعہ بھی مساجد آباد ہونگی اور ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔’ 
وفاقی وزیر نے کہا کہ ’میں خود قران پاک سنتا ہوں میرا سارادن اچھا گزرتا ہے۔ رمضان المبارک کے ساتھ ساتھ عام دنوں میں بھی قرآن پاک کو زیادہ سے زیادہ پڑھا اور سنا جائے۔
حفظ قرآن اور حسن قرآت کی عالمی سطح کی اکاڈمی بنانے کی کوشش ہے ۔ کرونا وبا کے خاتمے کے بعد مصر اور دیگر ممالک سے نامور قراء حضرات کو پاکستان آنے کی دعوت دیں گے۔
 واضح رہے کہ وزارتِ مذہبی امور کے شعبہ دعوۃ و زیارت ونگ کے زیر اہتمام ہر سال کی طرح امسال بھی رمضان المبارک کے آخری عشرے میں قیام اللیل کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ قیام الیل کی سعادت حاصل کرنے کیلئے وزارت نے تمام صوبائی حکومتوں بشمول گلگت بلتستان، آزاد جموں کشمیر اور ضلع اسلام آباد سے حفاظ کرام کے نام طلب کئے تھے۔ تمام علاقوں سے ضلعی اور صوبائی سطح کے مقابلوں کے بعد 48 حفاظ وقراء حضرات نے قومی مقابلہ میں حصہ لیا جبکہ صوبہ سندھ  میں کورونا وبا کے باعث مقابلہ ملتوی ہو گیا۔ آج کے مقابلے کے بعد 14 حفاظ کرام کا انتخاب کیا جائے گا جنہیں رمضان المبارک میں فیصل مسجد میں قیام اللیل پڑھانے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
 

شیئر: