Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور: بغیر ماسک گھومنے پر مزید 44 افراد کے خلاف مقدمات درج

سربراہ لاہور پولیس نے کہا کہ حکومتی اوقات کار کی خلاف ورزی پر بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر پر کنٹرول کرنے کے لیے جاری ایس او پیز کی خلاف ورزی پر لاہور پولیس نے مختلف افراد کے خلاف کارروئی کی ہے۔
لاہور پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہر میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرکے بغیر ماسک گھومنے  والے 44 افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق ماسک پہننے کی حکومتی ہدایات کی سب سے زیادہ خلاف ورزی سٹی ڈویژن میں دیکھنے میں آئی جہاں پولیس نے ماسک کی پابندی نہ کرنے کی پاداش میں 33 مقدمات درج کیے۔

 

اقبال ٹاؤن ڈویژن، سول لائنز اور ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں ماسک کی خلاف ورزی پر تین تین مقدمات درج کیے گئے  جب کہ کینٹ ڈویژن میں بغیر ماسک گھومنے پر دو مقدمات درج کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق  کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر  شہر بھر کے مختلف تھانوں میں مجموعی طور پر اب تک 83 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ شہریوں کےتحفظ کے پیش نظر حکومتی گائیڈ لائنز پر من و عن عملدرآمد کروایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ہیلتھ کی مشترکہ ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ’ماسک کی پابندی نہ کرنے اور سماجی فاصلوں کو یقینی نہ بنانے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں جا رہی ہے۔‘
سربراہ لاہور پولیس نے کہا کہ حکومتی اوقات کار کی خلاف ورزی پر بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔
غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ کورونا وباء میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے جس کے پیش نظر شدید احتیاط برتنا ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حفاظتی ماسک کے استعمال کو یقینی بنانے کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر ناکہ بندی بھی کی جائے گی۔

شیئر: