Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم عمران خان کا نریندر مودی کو جوابی خط، نیک تمناؤں کا اظہار

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ’تعمیری اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے سازگار ماحول ضروری ہے‘ (فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے)
وزیراعظم پاکستان عمران خان نے انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی کو جوابی خط لکھا ہے اور یوم پاکستان پر مبارک باد دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
پیر کو لکھے گئے خط میں انہوں نے کہا کہ ’پاکستانی عوام بھی انڈیا سمیت ہمسایوں کے ساتھ پرامن اور دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں۔‘
’ہم اس بات پر قائل ہیں کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن اور استحکام اسی وقت آسکتا ہے جب جموں و کشمیر سمیت پاکستان اور انڈیا کے درمیان تمام تصفیہ طلب تنازعات حل ہوں۔‘

 

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ’تعمیری اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے سازگار ماحول ضروری ہے۔‘
اس سے قبل انڈین وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے پاکستان کو یوم پاکستان کی مبارک باد دی گئی تھی۔
گذشتہ منگل کو پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے تصدیق کی گئی تھی کہ انڈین وزیراعظم نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو یوم پاکستان پر تہنیتی پیغام بھیجا۔
وزیراعظم عمران خان کے نام اپنے پیغام میں انڈین وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے لکھا گیا کہ ’یوم پاکستان کے موقع پر میں نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔‘
وزیراعظم پاکستان کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبر سامنے آنے کے بعد نریندر مودی نے ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ ’وزیراعظم عمران خان کی کورونا وائرس سے جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات۔‘
یاد رہے کہ پلواما میں 14 نومبر 2019 کو انڈین سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کے بعد پاکستان اور انڈیا کے تعلقات میں سخت تناؤ پیدا ہو گیا تھا اور بعد ازاں فروری 2020 میں دونوں ممالک جنگ کے دہانے پر پہنچ گئے تھے۔

شیئر: